[ریکارڈز] 50 سے زائد رنز اور 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑی

پاکستان کے شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف جاری سیریز کے چوتھے مقابلے میں 75 رنز بنائے اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں اور یوں ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی بن گئے جنہوں یہ کارنامہ دو مرتبہ انجام دیا۔

انہوں نے پہلی بار 27 اکتوبر 2000ء کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلستان کے خلاف بلے اور گیند دونوں سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا اور 40 رنز کے عوض انگلستان کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھانے کے بعد 61 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے فتح نصیب ہوئی۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ اب 11 سال بعد انہوں نے ایک مرتبہ پھر 75 رنز کی میچ بچاؤ اننگز کھیلنے کے بعد سری لنکا کے 5 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلا نام ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی ویون رچرڈز تھے جنہوں نے مارچ 1987ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کے علاوہ سنچری اور پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے کا اعزاز صرف انگلستان کے پال کولنگ ووڈ کو حاصل ہے جنہوں نے جون 2005ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 112 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اس یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی مکمل فہرست درج ذیل ہے:
کھلاڑی | رنز | وکٹیں | ٹیم | بمقابلہ | میدان | تاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|
ویون رچرڈز | 119 | 5/41 | ![]() |
نیوزی لینڈ | ڈنیڈن | 18 مارچ 1987ء |
کرش سری کانت | 70 | 5/27 | ![]() |
نیوزی لینڈ | وشاکھاپٹنم | 10 دسمبر 1988ء |
مارک وا | 57 | 5/24 | ![]() |
ویسٹ انڈیز | ملبورن | 15 دسمبر 1992ء |
لانس کلوزنر | 54 | 6/49 | ![]() |
سری لنکا | لاہور | 6 نومبر 1997ء |
عبد الرزاق | 70* | 5/48 | ![]() |
بھارت | ہوبارٹ | 21 جنوری 2000ء |
گریم ہک | 80 | 5/33 | ![]() |
زمبابوے | ہرارے | 20 فروری 2000ء |
شاہد آفریدی | 61 | 5/40 | ![]() |
انگلستان | لاہور | 27 اکتوبر 2000ء |
سارو گنگولی | 71* | 5/34 | ![]() |
زمبابوے | کانپور | 11 دسمبر 2000ء |
اسکاٹ اسٹائرس | 63* | 6/25 | ![]() |
ویسٹ انڈیز | پورٹ آف اسپین | 12 جون 2002ء |
رونی ایرانی | 53 | 5/26 | ![]() |
بھارت | اوول | 9 جولائی 2002ء |
کرس گیل | 60 | 5/46 | ![]() |
آسٹریلیا | سینٹ جارجز | یکم جون 2003ء |
پال کالنگ ووڈ | 112* | 6/31 | ![]() |
بنگلہ دیش | ناٹنگھم | 21 جون 2005ء |
سنیل دھنی رام | 79 | 5/32 | ![]() |
برمودا | کنگ سٹی، اونٹاریو | 29 جون 2008ء |
یووراج سنگھ | 50* | 5/31 | ![]() |
آئرلینڈ | بنگلور | 6 مارچ 2011ء |
شاہد آفریدی | 75 | 5/35 | ![]() |
سری لنکا | شارجہ | 20 نومبر 2011ء |