شاہد خان آفریدی (پاکستان)

2 1,107


نام: صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی

پیدائش: یکم مارچ 1980ء، خیبر ایجنسی

کردار: آل راؤنڈر

بلے بازی کا انداز: دائیں ہاتھ سے بلے بازی

گیند بازی کا انداز: دائیں ہاتھ سے لیگ بریک

تعارف

دنیا کی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے جارح مزاج بلے باز تصور کیے جانے والے شاہد خان آفریدی پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیں۔ وہ اس وقت قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوئے جب پاکستانی ٹیم بلاشبہ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک تھی۔ اس ٹیم میں سعید انور اور عامر سہیل جیسے اوپنر، انضمام الحق اور سلیم ملک جیسے مڈل آرڈر بلے باز اور وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے تباہ کن باؤلر میسر تھے۔ اس صورتحال میں معروف اسپنر مشتاق احمد کے زخمی ہونے کے باعث اس نوجوان کھلاڑی کو بطور باؤلر ٹیم میں جگہ دی گئی۔

باؤلر کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہونے کے باوجود انہیں بطور بلے باز عالمی شہرت ملی کیونکہ انہوں نے اپنی پہلی ہی اننگ میں اس وقت کے عالمی چیمپئن سری لنکا کے باؤلرز کی جو دھنائی لگائی وہ ریکارڈ اب بھی ٹوٹتا نہیں دکھائی دیتا۔ شاہد خان آفریدی نے اس اننگ میں ریکارڈ 11 چھکوں کی مدد سے محض 37 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور ایسا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 15 سال گزرجانے کے باوجود اب تک قائم ہے بلکہ اپنے دیگر کئی ہم عصر ریکارڈز کی نسبت زیادہ مضبوط اور محفوظ دکھائی دیتا ہے۔

وہ اپنے کیریئر میں ایسی ہی کئی شعلہ فشاں اننگز کھیل چکے ہیں حتیٰ کہ ٹیسٹ میچز میں بھی انہوں نے تیز رفتار بلے بازی سے حریف باؤلرز کو پریشان کیا جس میں 1999ء بھارت کے خلاف چنئی میں وہ شاندار سنچری بھی شامل ہے جس کی بدولت پاکستان نے یادگار فتح حاصل کی۔ وہ تیز رفتاری کے بیشتر عالمی ریکارڈز کے حامل ہیں، جیسا کہ دو تیز ترین سنچریاں، تیز ترین نصف سنچری، کیریئر میں سب سے زیادہ چھکے اور سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ شامل ہیں۔

انہوں نے عالمی کپ 2011ء میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی اور اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ایک کمزور ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ وہ مذکورہ عالمی کپ میں سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بنے البتہ ان کا بلا پورے ٹورنامنٹ میں آگ نہ اگل سکا۔

عالمی کپ کے بعد پہلے دورے پر ان کے ٹیم کوچ وقار یونس کے ساتھ اختلافات ہوگئے جو بعد ازاں ان کی مشروط ریٹائرمنٹ پر منتج ہوئے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ نے یہ تک کہہ ڈالا کہ شاہد آفریدی اب ان کے ہوتے ہوئے دوبارہ ٹیم میں نہیں آئیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ اکتوبر 2011ء میں اعجاز بٹ کی رخصتی اور ان سے پہلے وقار یونس کے بطور کوچ استعفے کے باعث شاہد آفریدی کے لیے میدان صاف ہوا اور انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی جس کے بعد انہیں نومبر 2011ء میں سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کے دستے میں شامل کیا گیا۔

شاہد آفریدی پر سب سے زیادہ اعتراض ان کی غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے ہوتا ہے کیونکہ وہ ہر گیند کو میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش کرتے ہیں اور بیشتر اپنی وکٹ گنوا بیٹھتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے 16 جون 2010ء کو ٹیسٹ کرکٹ اور 31 مئی 2011ء کو کرکٹ سے مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ شاہد آفریدی کے بغیر 20 ویں اور 21 ویں صدی کی درمیان کی کرکٹ کی تاریخ نامکمل رہے گی۔

اعزازات

  • عالمی کپ 2011ء میں سب سے زیادہ (21) وکٹیں
  • ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2009ء میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی
  • ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ

یادگار اننگز
ٹیسٹ

ایک روزہ

  • 94 گیندوں پر 109 رنز بمقابلہ بھارت، بمقام ٹورنٹو، کینیڈا، 1998ء
  • 45 گیندوں پر 102 رنز بمقابلہ بھارت، بمقام کانپور، بھارت 2005ء
  • 60 گیندوں پر 124 رنز بمقابلہ بنگلہ دیش، بمقام دمبولا، سری لنکا 2010ء

ٹیسٹ کیریئر

پہلا ٹیسٹ – پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، 22 تا 26 اکتوبر 1998ء بمقام کراچی ، پاکستان

آخری ٹیسٹ – پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، 13 تا 16 جولائی 2010ء، بمقام لارڈز، لندن، انگلستان

بلے بازی - ٹیسٹ کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز رنز اوسط بہترین اننگ اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے کیچ
 27 48 1716 36.51 156 86.97 5 8 220 52 10
گیند بازی - ٹیسٹ کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیند بازی/اننگ بہترین گیند بازی/میچ اوسط چار وکٹیں/اننگ پانچ وکٹیں/اننگ دس وکٹیں/میچ
27 47 3194 1709 48 5/52 5/43 35.60 1 1 0

ایک روزہ کیریئر

پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ – پاکستان بمقابلہ کینیا، 2 اکتوبر 1996ء، بمقام نیروبی، کینیا

ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر ابھی جاری ہے

بلے بازی – ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز رنز اوسط بہترین اننگ اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے کیچ
327 304 6724 23.51 124 114.04 6 31 618 290 107
گیند بازی - ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیند بازی/اننگ بہترین گیند بازی/میچ اوسط چار وکٹیں/اننگ پانچ وکٹیں/اننگ اسٹرائیک ریٹ
327 302 14173 10844 320 6/38 6/38 33.88 4 5 44.2

ٹی ٹوئنٹی کیریئر

پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ – پاکستان بمقابلہ انگلستان، 28 اگست 2006ء، بمقام برسٹل، انگلستان

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر ابھی جاری ہے

بلے بازی – ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز رنز اوسط بہترین اننگ اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں چوکے چھکے کیچ
43 41 683 17.79 54٭ 144.09 0 3 56 26 12
گیند بازی - ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کیریئر پر ایک نظر
میچز اننگز گیندیں رنز وکٹیں بہترین گیند بازی/اننگ بہترین گیند بازی/میچ اوسط چار وکٹیں/اننگ پانچ وکٹیں/اننگ اسٹرائیک ریٹ
43 43 971 1005 53 4/11 4/11 18.96 3 0 18.3