بھارت انگلستان سیریز کے مقامات کا اعلان کر دیا گیا

بھارتی کرکٹ بورڈ نے رواں سال انگلستان کے خلاف ہوم سیریز کے لیے مقامات کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق کولکتہ کے مشہور میدان ایڈن گارڈنز کو ایک ٹیسٹ، ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے کی میزبانی سے نوازا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کی ٹور، پروگرام اینڈ فکسچرز کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں گو کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے مقامات کو طے کرنا بھی شامل تھا تاہم اجلاس میں صرف انگلستان کے خلاف سیریز کے مقامات ہی طے کیے گئے۔ البتہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچز کے مقامات متعین کر لیے گئے ہیں۔
انگلستان رواں سال پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کرے گا۔ اعلان کے مطابق انگلستان کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچز کولکتہ، ممبئی، موہالی، حیدرآباد اور دہلی میں کھیلے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ کولکتہ کا ایڈن گارڈنز عالمی کپ 2011ء میں بھارت-انگلستان کے اہم ترین میچ سے محروم کر دیا گیا تھا کیونکہ منتظمین کو اس کی بروقت تکمیل پر یقین نہیں تھا اور بعد ازاں کولکتہ کو تین غیر اہم مقابلوں، آئرلینڈ-نیدرلینڈز، جنوبی افریقہ-آئرلینڈ اور زمبابوے-کینیا، کی میزبانی پر ہی اکتفا کرنا پڑا ۔ اس طرح انگلستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں سب سے زیادہ میچز ملنے پر کولکتہ کے شائقین کی دلی مراد بر آئے گی۔