ایڈن گارڈنز، کولکتہ بھارت انگلستان میچ کی میزبانی سے محروم

3 1,108

بھارت کے معروف کرکٹ اسٹیڈیم ایڈن گارڈنز، کولکتہ کو عالمی کپ 2011ء میں بھارت اور انگلستان کے درمیان اہم میچ کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ماہرین نے گزشتہ روز بھارت کے اس سب سے بڑے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور اپنی رپورٹ میں کہا کہ ان کے خیال میں میدان 27 فروری کو اہم میچ تک مکمل طور پر تیار نہیں ہو سکے گا اس لیے آئی سی سی کو بادل نخواستہ کسی اور میدان میں میچ منعقد کرنا پڑے گا۔

آئی سی سی کے سربراہ ہارون لورگاٹ نے کہا کہ "افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایڈن گارڈنز پر ہونے والے ترقیاتی کام کی اتنی رفتار نہیں جتنی کہ ہمیں یقین دلا سکے کہ یہ میدان اہم مقابلے سے پہلے تیار ہو جائے گا۔ اس لیے ہمیں ایڈن گارڈنز کو بھارت اور انگلستان کے درمیان میچ کی میزبانی سے محروم کرنا پڑا اور بلاشبہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم ان کی نظر میں یہ بہت ضروری بھی تھا۔ میچ کے متبادل میزبان کا اعلان فی الوقت نہیں کیا گیا لیکن ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ اہم میچ اب بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ آئی سی سی کی انسپکشن ٹیم نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم اور سری لنکا کے تینوں میدانوں کو میزبانی کے لیے کلیئر قرار دیا ہے۔

کولکتہ کو عالمی کپ 2011ء کے چار  میچز کی میزبانی سونپی گئی تھی تاہم اب ان تمام میچز کی میزبانی کے حوالے سے شکوک پائے جا رہے ہیں گو کہ آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ اعلان محض انگلستان و بھارت کے درمیان میچ کی کسی اور مقام پر منتقلی کا کیا گیا ہے۔ اس میدان پر میزبان ملک بھارت کا انگلستان کے خلاف میچ کولکتہ میں واحد میچ تھا، اور دیگر تین مقابلے غیر اہم ہیں جن میں  آئرلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ، آئرلینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز اور کینیا بمقابلہ زمبابوے شامل ہیں۔ معروف انگریزی کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے آئی سی سی ذرائع کے مطابق بتایا ہے کہ بھارت و انگلستان کا اہم میچ بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے کے 90 فیصد امکانات ہیں۔

عالمی کپ 2011ء کی مرکزی انتظامی کمیٹی نے تمام میدانوں کو 20 نومبر 2010ء تک مکمل تیار کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی تاہم بعد ازاں اسے 31 دسمبر 2010ء تک توسیع دے دی گئی تھی۔ آخر میں ایڈن گارڈنز سمیت 5 نامکمل میدانوں کے لیے آئی سی سی نے 25 جنوری 2011ء کی حتمی تاریخ دی تاہم بدقسمتی سے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے ترقیاتی کام کی رفتار سے آئی سی سی کی کمیٹی مطمئن نہیں ہو سکی اور اسے اہم میچ کی میزبانی سے محروم کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ ایڈن گارڈنز، کولکتہ عالمی کپ کی تاریخ کے کئی اہم مقابلوں کا میزبان جن میں 1987ء کے عالمی کپ کا فائنل اور 1996ء کے عالمی کپ کا ایک سیمی فائنل شامل ہے۔ ایڈن گارڈنز کی مکمل پروفائل کرک نامہ پر موجود ہے جسے آپ یہاں پڑھ سکتے ہیں۔