ایڈن گارڈنز، کولکتہ

1 1,183
ایڈن گارڈن، کولکتہ کا ایک خوبصورت منظر (© گیٹی امیجز)

ایڈن گارڈنز بھارت کا مشہور میدان اور گنجائش کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے۔ یہ بھارتی ریاست بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں واقع ہے۔ اسٹیڈیم 1987ء کے عالمی کپ کے فائنل کی میزبانی کر چکا ہے۔

ایڈن گارڈنز برطانوی راج کے دور میں 1864ء میں تعمیر کیا گیا۔ اسٹیڈیم میں تقریبا ایک لاکھ افراد کی گنجائش ہے تاہم عالمی کپ 2011ء کے لیے تعمیر نو سے گزرنے کے بعد اس کی گنجائش میں کمی واقع ہوگی اس طرح وہ آسٹریلیا کے معروف میدان ملبورن کرکٹ گراؤنڈ کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہوگا۔ نائٹ میچز کے انعقاد کے لیے یہاں فلڈ لائٹس بھی نصب ہیں۔

اس میدان میں پہلا ٹیسٹ میچ 1934ء میں بھارت اور انگلستان کے درمیان کھیلا گیا جبکہ 1987ء میں یہاں بھارت اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ ہوا۔ یہاں بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کا صدر دفتر بھی واقع ہے۔ علاوہ ازیں یہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا بھی گھر ہے۔ نائٹ رائیڈرز معروف اداکار شاہ رخ خان کی ملکیت ہے۔

عالمی کپ کے کئی یادگار میچز یہاں کھیلے گئے ہیں جن میں 1987ء کے عالمی کپ کا فائنل بھی شامل ہے جس میں آسٹریلیا نے انگلستان کو 7 رنز سے ہرا کر پہلی بار عالمی کپ جیتا۔ اس کے علاوہ 1996ء کے عالمی کپ کا سیمی فائنل یہاں کھیلا گیا جہاں سری لنکا کے خلاف بھارت کی ناقص کارکردگی کے باعث شائقین سے زبردست احتجاج کیا جس کے بعد میچ ریفری نے میچ کا فیصلہ سری لنکا کے حق میں دے دیا۔

اس میدان سے پاکستان کی بھی اچھی یادیں وابستہ ہیں جب 1999ء میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران ندیم خان کی باؤنڈری سے براہ راست تھرو پر سچن ٹنڈولکر رن آؤٹ ہوئے۔ ٹنڈولکر اپنی راہ میں حائل پاکستانی باؤلر شعیب اختر سے ٹکرانے کے باعث کریز تک نہ پہنچ سکے اور تھرڈ امپائر نے انہیں رن آؤٹ قرار دیا۔ جس کے بعد تماشائیوں نے ہنگامہ شروع کر دیا اور میچ روک دیا گیا۔ بعد ازاں اسٹیڈیم کو تماشائیوں سے خالی کرایا گیا اور میچ کا دوبارہ آغاز ہوا جو بعد ازاں پاکستان نے جیتا۔

بھارت کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک بھی اسی میدان میں ہوئی جب معروف آل راؤنڈر کپل دیو نے 1991ء میں سری لنکا کے خلاف مسلسل تین گیندوں پر تین حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ بھارت کے موجودہ اسپنر ہربھجن سنگھ نے 2000ء میں آسٹریلیا کے خلاف اسی میدان میں ہیٹ ٹرک کی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بھارتی باؤلر کی دوسری ہیٹ ٹرک تھی۔ اسی سیزن میں معروف بلے باز وی وی ایس لکشمن نے آسٹریلیا کے خلاف 281 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جو اس میدان پر کسی بھی کھلاڑی کی سب سے طویل انفرادی اننگ ہے۔ ان کی اس اننگ کی بدولت بھارت ایک ہارا ہوا میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

عالمی کپ 2011ء

ایڈن گارڈنز کو عالمی کپ کے چار میچز کی میزبانی سے نوازا گیا لیکن یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی رفتار سے غیر مطمئن بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اسے 27 فروری کو ہونے والے پہلے میچ کی میزبانی سے محروم کر دیا ہے (تفصیلات یہاں دیکھیے)۔ یہ میچ کولکتہ میں ہونے والا میزبان بھارت کا واحد میچ تھا جس میں وہ فیورٹ انگلستان کے مدمقابل ہوتا۔

یہاں کھیلے جانے والے دیگر میچز یہ ہیں:
گروپ بی- آئرلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ – 15 مارچ بروز منگل
گروپ بی – آئرلینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز – 18 مارچ بروز جمعہ
گروپ اے - کینیا بمقابلہ زمبابوے – 20 مارچ بروز اتوار