ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی: احمد شہزاد ٹاپ 20 میں آ گئے

زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دونوں مقابلے جیتنے کے بعد پاکستان مختصر ترین طرز کی کرکٹ میں اول نمبر تو حاصل نہ کر سکا لیکن اس سنہرے خواب کے قریب ضرور پہنچ گیا ہے کیونکہ اس سیریز میں فتح کی بدولت اس کے ریٹنگ پوائنٹس میں ایک قیمتی پوائنٹ کا اضافہ ہوا ہے اور ایک اور سیریز کامیابی ممکنہ طور پر اسے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک ٹیم بنا دے گی۔

پاک-زمبابوے سیریز کے اختتام پر تازہ تر ہونے والی عالمی درجہ بندی کے مطابق سری لنکا بدستور 128 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان 125 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت تیسری، عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز چوتھی، جنوبی افریقہ پانچویں، انگلستان چھٹی، آسٹریلیا ساتویں، نیوزی لینڈ آٹھویں، آئرلینڈ نویں اور بنگلہ دیش دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
انفرادی طور پر بلے بازوں کی فہرست میں ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں البتہ زمبابوے کی درگت بنانے والے احمد شہزاد 41 درجوں کی لمبی چھلانگ کے بعد 59 ویں سے 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
سرفہرست 20 بلے بازوں میں کپتان محمد حفیظ 17 ویں اور عمر اکمل 20 ویں نمبر پر موجود ہیں۔بلے بازوں میں بدستور نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم سرفہرست ہیں جبکہ انگلستان کے ایلکس ہیلز دوسرے، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر تیسرے اور چوتھے، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل پانچویں، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے چھٹے، بھارت کے ویراٹ کوہلی اور سریش رینا ساتویں اور آٹھویں، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نویں اور جنوبی افریقہ کے ژاں پال دومنی دسویں نمبر پر ہیں۔
اگر گیندبازوں کا ذکر کیا جائے تو پاکستان کے شاہد آفریدی ایک مرتبہ پھر سرفہرست 10 میں واپس آئے ہیں ۔ یوں اس فہرست میں پاکستان کے تین گیندباز آ گئے ہیں۔ سعید اجمل بدستور دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ محمد حفیظ ترقی پا کر کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن بدستور دنیا کے نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی باؤلر ہیں جبکہ سری لنکا کے اجنتھا مینڈس چوتھے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور عبد الرزاق پانچویں اور چھٹے، زمبابوے کے پراسپر اتسیا ساتویں، سری لنکا کے نووان کولاسیکرا آٹھویں اور انگلستان کے گریم سوان نویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈر میں آسٹریلیا کے شین واٹسن بدستور نمبر ایک ہیں جبکہ محمد حفیظ دوسرے، شکیب الحسن تیسرے، بھارت کے یووراج سنگھ چوتھے اور شاہد آفریدی پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں ٹیموں کی عالمی درجہ بندی
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | سری لنکا | ![]() |
17 | 2173 | 128 |
2 | پاکستان | ![]() |
23 | 2867 | 125 |
3 | بھارت | ![]() |
14 | 1689 | 121 |
4 | ویسٹ انڈیز | ![]() |
17 | 2041 | 120 |
5 | جنوبی افریقہ | ![]() |
19 | 2233 | 118 |
6 | انگلستان | ![]() |
19 | 2148 | 113 |
7 | آسٹریلیا | ![]() |
17 | 1753 | 103 |
8 | نیوزی لینڈ | ![]() |
19 | 1937 | 102 |
9 | آئرلینڈ | ![]() |
7 | 568 | 81 |
10 | بنگلہ دیش | ![]() |
10 | 739 | 74 |
11 | اسکاٹ لینڈ | ![]() |
7 | 435 | 62 |
12 | زمبابوے | ![]() |
12 | 553 | 46 |
13 | نیدرلینڈز | ![]() |
5 | 181 | 36 |
14 | کینیا | ![]() |
9 | 309 | 34 |