سلطان رانا ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹ مینیجر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز برائے ڈومیسٹک کرکٹ سلطان رانا کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا ایونٹ مینیجر اینڈ آپریشنز مقرر کردیا گیا۔ یوں وہ آئندہ ماہ کے وسط اپنے قومی عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

کرک نامہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیے کے مطابق سلطان رانا کے رخصت ہونے کے بعد ماہ ستمبر میں ذاکر خان ڈائریکٹر آپریشنز ڈومیسٹک کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔ جبکہ ان کی جگہ انتخاب عالم کو ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل کا عہدہ دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس وقت انتخاب عالم ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں تاہم ذاکر خان کا عہدہ ملنے کے بعد انتخاب عالم کی جگہ کسی کی تعیناتی کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ انتخاب عالم کو حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کے مینیجر کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے تاہم وہ پی سی بی میں دیگر اہم کلیدی عہدوں پر بدستور فائز ہیں۔