دورۂ زمبابوے: انتخاب عالم کی جگہ نوید اکرم مینیجر مقرر

2 1,020

انتخاب عالم دورۂ زمبابوے میں پاکستان کے مینیجر نہیں ہوں گے۔ ان کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے رکن نوید اکرم چیمہ کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

انتخاب عالم ممکنہ طور پر پاکستان ٹاسک ٹیم کی سفارشات پر عملدرآمد کا نشانہ بنے ہیں
انتخاب عالم ممکنہ طور پر پاکستان ٹاسک ٹیم کی سفارشات پر عملدرآمد کا نشانہ بنے ہیں

انتخاب عالم اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر اکیڈمیز کے عہدے پر تعینات ہیں اور ان کا شمارچیئرمین اعجاز بٹ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور گورننگ باڈی کے رکن بھی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ہر دورے سے قبل مینیجر کا تقرر کرتا ہے اورکرک نامہ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انتخاب عالم کواس فیصلےسےقبل مکمل اعتمادمیں لیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ مینیجر کی تبدیلی کا تعلق کارکردگی سے ہر گز نہیں ہے۔ ہم ہر دورے سے قبل مینیجر کا تقرر کرتے ہیں۔ انتخاب ڈائریکٹر اکیڈمیز ہیں اور اپنا زیادہ وقت وہاں جاری پروگراموں کے لیے مختص کرنا چاہتے ہیں۔

نوید اکرم چیمہ گزشتہ سال پاکستان 'اے' کے دورۂ ویسٹ انڈیز میں ٹیم کے ہمراہ تھے اور واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

واضح رہے کہ دورۂ ویسٹ انڈیز کے بعد انتخاب عالم کی پیش کردہ رپورٹ ہی کو بنیاد بنا کر شاہد آفریدی کو قیادت اور ٹیم سے باہر نکالا گیا تھا۔ جبکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی پاکستان ٹاسک ٹیم رپورٹ میں پیش کردہ سفارشات میں پاکستان میں کرکٹ کی انتظامیہ کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا تھا جس میں انتخاب عالم کے ایک سے زائد عہدوں پر بھی سوال اٹھایا گیا تھا۔ اس لیے ہو سکتا ہے کہ انتخاب سے مینیجر شپ واپس لینا ٹاسک ٹیم کی سفارشات پر عملدرآمد کا حصہ ہو۔