انگلستان پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر تین بن گیا

ایشیز 2015ء کا اختتام گو کہ آسٹریلیا کی کامیابی کے ساتھ ہوا، لیکن دنیائے کرکٹ کا قدیم ترین اعزاز اس سال انگلستان کے نام رہا، جس نے پانچ میں سے تین ٹیسٹ میں فتوحات حاصل کیں اور آخری ٹیسٹ سے قبل ہی سیریز اپنے نام کرلی تھی۔ اس تاریخی کامیابی کا انعام انگلستان کو عالمی درجہ بندی میں ترقی سے ملا ہے۔
ایشیز کی تکمیل سے قبل انگلستان ٹیسٹ کی عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر تھا لیکن سیریز جیت کر اسے پانچ پوائنٹس ملے ہیں۔ انگلستان نے کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 169 رنز سے، پھر برمنگھم میں 8 وکٹوں سے ٹرینٹ برج میں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 78 رنز سے واضح کامیابیاں سمیٹی تھیں۔ یہی فتوحات اسے پاکستان، نیوزی لینڈ اور بھارت سے آگے یعنی تیسرے نمبر پر لے آئی ہیں۔ پہلے پاکستان تیسری پوزیشن پر براجمان تھا لیکن اب انگلستان ایک پوائنٹ کے فرق سے پاکستان پر برتری حاصل کرچکا ہے۔
حیران کن طور پر اس شکست کے باوجود آسٹریلیا بدستور دوسرے مقام پر موجود ہے۔ گو کہ انگلستان کے ہاتھوں شکست سے اسے پانچ پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے لیکن اب بھی وہ 106 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ سرفہرست جنوبی افریقہ سے 19 پوائنٹس پیچھے ہوگیا ہے۔
اب درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان اور انگلستان مقابل آئیں گے۔ دونوں ممالک کی تین ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں شروع ہوگی جہاں دونوں کے پاس موقع ہوگا کہ درجہ بندی میں دوسری پوزیشن تک پہنچیں، لیکن اس کے لیے حریف کو وائٹ واش کرنا ہوگا۔ یعنی اگر پاکستان سیریز کے تینوں مقابلے جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو ہو آسٹریلیا کی جگہ نمبر دو بن جائے گا۔
یاد رہے کہ جب آخری بار2012ء میں پاکستان اور انگلستان متحدہ عرب امارات کے انہی میدانوں پر مدمقابل آئے تھے تو پاکستان نے سیریز کے تینوں ٹیسٹ مقابلوں میں فتوحات حاصل کی تھیں اور تاریخ میں پہلی بار انگلستان کے خلاف کلین سویپ کیا تھا۔ اگر پاکستان اس تاریخ کو دہرا دے تو وہ جنوبی افریقہ کے بعد دنیا کی دوسری بہترین ٹیسٹ ٹیم بن جائے گا۔
ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی
بمطابق 24 اگست 2015ء
شمار | ملک | مقابلے | پوائنٹس | ریٹنگ | |
---|---|---|---|---|---|
1 | جنوبی افریقہ | ![]() |
24 | 3008 | 125 |
2 | آسٹریلیا | ![]() |
32 | 3376 | 106 |
3 | انگلستان | ![]() |
36 | 3686 | 102 |
4 | پاکستان | ![]() |
24 | 2419 | 101 |
5 | نیوزی لینڈ | ![]() |
29 | 2875 | 99 |
6 | بھارت | ![]() |
23 | 2242 | 97 |
7 | سری لنکا | ![]() |
25 | 2307 | 92 |
8 | ویسٹ انڈیز | ![]() |
26 | 2101 | 81 |
9 | بنگلہ دیش | ![]() |
22 | 1026 | 47 |
10 | زمبابوے | ![]() |
10 | 53 | 5 |
مکمل ٹیسٹ درجہ بندی یہاں ملاحظہ کیجیے۔