"پنک پینتھر" ڈی ولیئرز کی تیز ترین سنچری، کئی ریکارڈز ٹوٹ گئے

جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز نے عالمی کپ سے پہلے ایک روزہ کرکٹ کو دو بہت بڑے ریکارڈز توڑ کر اپنے خطرناک ارادے ظاہر کردیے ہیں۔ جوہانسبرگ کا میدان کہ جو تاریخ کے بہترین ون ڈے مقابلوں میں سے ایک کا شاہد رہا ہے اور ابھی چند روز پہلے یہاں ایک یادگار ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا گیا، اب ایک ہی مقابلے میں دو عظیم ریکارڈز ٹوٹنے کا بھی گواہ بن چکا ہے۔ ڈی ولیئرز نے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ توڑنے کے بعد تیز ترین ایک روزہ سنچری کا کارنامہ بھی اپنے نام لکھوالیا۔
پہلے ذکر کرتے چلیں تیز ترین نصف سنچری کے ریکارڈ کا جو اپریل 1996ء میں سنتھ جے سوریا نے پاکستان کے خلاف قائم کیا تھا۔ جے سوریا نے سنگاپور میں کھیلی گئی سنگر ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے خلاف صرف 17 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 28 گیندوں پر 76 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا محض 216 رںز کے ہدف کے تعاقب میں تھا لیکن باقی بلے باز اس اننگز کا کوئی فائدہ نہ اٹھا سکے اور پاکستان 43 رنز سے جیت گیا لیکن جے سوریا کی یہ اننگز امر ہوگئی تھی۔ ان کا یہ ریکارڈ 19 سال تک قائم رہا اور ٹی ٹوئنٹی عہد کے بڑے بڑے بلے باز ان کے اس ریکارڈ کے قریب پہنچ کر محروم رہ گئے۔ صرف شاہد آفریدی ہی تین بار 18 گیندوں پر نصف سنچریاں بنا چکے تھے لیکن کبھی جے سوریا کے ریکارڈ کو برابر نہ کرسکے یہاں تک کہ وینڈررز اسٹیڈیم میں ڈی ولیئرز نے صرف 16 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کرکے اسے توڑ ڈالا۔
ڈی ولیئرز نے اننگز کے 42 ویں اوور میں ویسٹ انڈیز کے نئے کپتان جیسن ہولڈر کو ایک شاندار چھکا رسید کرکے ریکارڈز کی کتاب میں اپنا نام درج کروایا اور اس کے بعد ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکے۔
ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین نصف سنچریاں
بلے باز | ملک | گیندیں | کل رنز | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
16 | 149 | 9 | 16 | ![]() |
جوہانسبرگ | 18 جنوری 2015ء |
سنتھ جے سوریا | ![]() |
17 | 76 | 8 | 5 | ![]() |
سنگاپور | 7 اپریل 1996ء |
سائمن اوڈونیل | ![]() |
18 | 74 | 4 | 6 | ![]() |
شارجہ | 2 مئی 1990ء |
شاہد آفریدی | ![]() |
18 | 102 | 6 | 11 | ![]() |
نیروبی | 4 اکتوبر 1996ء |
شاہد آفریدی | ![]() |
18 | 55* | 4 | 6 | ![]() |
کولمبو | 21 ستمبر 2002ء |
گلین میکس ویل | ![]() |
18 | 60 | 3 | 7 | ![]() |
بنگلور | 2 نومبر 2013ء |
شاہد آفریدی | ![]() |
18 | 59 | 2 | 7 | ![]() |
میرپور | 4 مارچ 2014ء |
تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد اگلی دونوں گیندوں پر چھکے لگاتے ہوئے "اے بی" نے تیز ترین سنچری کے عالمی ریکارڈ کی جانب پیشقدمی جاری رکھی اور اننگز کے 46 ویں اوور میں ہولڈر ہی کو چھکا لگا کر صرف 31 گیندوں پر اپنی 19 ویں اور یادگار و ریکارڈ سنچری مکمل کی۔
اس طرح ڈی ولیئرز نے یکم جنوری 2014ء کو کوری اینڈرسن کا قائم کردہ 36 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ اینڈرسن نے ویسٹ انڈیز ہی کے خلاف کوئنز ٹاؤن میں ایک یادگار اننگز کھیلتے ہوئے شاہد آفریدی کا 18 سال پرانا ریکارڈ توڑا تھا لیکن خود ایک سال سے زیادہ ریکارڈ قائم نہ رکھ سکے۔ کیونکہ "اے بی" کا طوفان جوہانسبرگ کو لپیٹ میں لے چکا تھا۔
ڈی ولیئرز نے کل 44 گیندیں کھیلیں اور 149 رنز بنائے اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر آندرے رسل کی وکٹ بنے۔ ان کی اننگز میں 16 چھکے بھی شامل تھے جس کی مدد سے انہوں نے روہیت شرما کا عالمی ریکارڈ برابر کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے 9 چوکے بھی لگائے۔
انہوں نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر صرف 68 گیندوں پر 192 رنز کی شراکت داری قائم کی اور جنوبی افریقہ کو 439 رنز کے مجموعے تک پہنچانے میں سب سے بڑا کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھی بلے باز ہاشم آملہ 153 رنز پر ناقابل شکست رہے جبکہ اوپنر ریلی روسو نے 128 رنز بنائے یعنی تین بلے باز کھیلے اور تینوں نے سنچریاں بنائیں یعنی یہ بھی ایک ریکارڈ اور جوہانسبرگ نے ریکارڈ سازی میں ایک مرتبہ پھر میدان مار لیا۔
ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچریاں
بلے باز | ملک | گیندیں | کل رنز | چوکے | چھکے | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ابراہم ڈی ولیئرز | ![]() |
31 | 149 | 9 | 16 | ![]() |
جوہانسبرگ | 18 جنوری 2015ء |
کوری اینڈرسن | ![]() |
36 | 131* | 6 | 14 | ![]() |
کوئنزٹاؤن | یکم جنوری 2014ء |
شاہد آفریدی | ![]() |
37 | 102 | 6 | 11 | ![]() |
نیروبی | 4 اکتوبر 1996ء |
مارک باؤچر | ![]() |
44 | 147* | 8 | 10 | ![]() |
پوچفیسٹروم | 20 ستمبر 2006ء |
برائن لارا | ![]() |
45 | 117 | 18 | 4 | ![]() |
ڈھاکہ | 9 اکتوبر 1999ء |
شاہد آفریدی | ![]() |
45 | 102 | 10 | 9 | ![]() |
کانپور | 15 اپریل 2005ء |
جیسی رائیڈر | ![]() |
46 | 104 | 12 | 5 | ![]() |
کوئنزٹاؤن | یکم جنوری 2014ء |
سنتھ جے سوریا | ![]() |
48 | 134 | 11 | 11 | ![]() |
سنگاپور | 2 اپریل 1996ء |