[ریکارڈز] کوری اینڈرسن نے آفریدی کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا

10 1,218

نیوزی لینڈ کے نوجوان بلے باز کوری اینڈرسن نے صرف ساتویں ایک روزہ مقابلے میں اس مقام کو حاصل کرلیا، جہاں گزشتہ 17 سال سے دنیا کے جانے مانے بلے باز بھی نہیں پہنچ پائے تھے۔ سالِ نو کے پہلے ہی دن شاہد خان آفریدی کا ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بلیک کیپ سجائے اینڈرسن کے نام ہوگیا ہے جنہوں نے صرف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر خود کو تاریخ میں امر کرلیا۔

26 سالہ کوری اینڈرسن نے 47 گیندوں پر 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی (تصویر: AFP)
26 سالہ کوری اینڈرسن نے 47 گیندوں پر 131 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی (تصویر: AFP)

شاہد آفریدی نے 1996ء میں اس وقت کے عالمی چیمپئن سری لنکا کے خلاف محض 37 گیندوں پر سنچری بنا کر تاریخ رقم کی تھی اور گزشتہ 17 سالوں میں کئی بلے باز باوجود سر توڑ کوشش کے، شاہد کے اس ریکارڈ کو نہ توڑ سکے یہاں تک کہ آج دنیا کے خوبصورت ترین میدانوں میں سے ایک کوئنزٹاؤن میں میں کھیلے جا رہے نیوزی لینڈ-ویسٹ انڈیز ایک روزہ سیریز کے تیسرے مقابلے میں اینڈرسن نے اس ریکارڈ کو ناقابل یقین انداز میں جا لیا۔

بارش کی وجہ سے 21 اوورز فی اننگز تک محدود ہونے والے مقابلے میں کوری اس وقت میدان میں اترے جب نویں اوور میں روز ٹیلر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 84 رنز تھا ، یعنی 12 رنز فی اوورز کی اوسط سے بھی زیادہ لیکن اینڈرسن نے 'آواز کی رفتار' سے جاری اس اننگز کو 'روشنی کی رفتار' تک پہنچانے کا قصد کیا اور پھر کسی ویسٹ انڈین باؤلرز کو کہیں جائے پناہ نہ ملی۔

اینڈرسن نے آتے ہی جیسی رائیڈر کے ساتھ مل کر اننگز کو اگلے گیئر میں ڈال دیا اور کوئی حریف باؤلر ان کو روکتا نہیں دکھائی دیا۔ اننگز کے بارہویں اوور میں انہوں نے جیسن ہولڈر کو تین چوکے اور ایک چھکا رسید کرکے 19 رنز لوٹے اور اگلے اوور میں چار چھکے رسید کرکے سنیل نرائن کو بھی کہیں کا نہ چھوڑا۔ انہوں نے روی رامپال کو چار مسلسل گیندوں پر شاندار چھکے لگائےاور پھر نکیتا ملر کی جانب سے پھینکے گئے اٹھارہویں اوور کی پہلی گیند کو لانگ لیگ پر چھکے میں بدل کر صرف 36 گیندوں ریکارڈ سنچری مکمل کرلی۔

اس کے بعد بھی اینڈرسن ایک لمحے کے لیے نہیں رکے اور نکیتا کو مزید دو چوکے اور دو چھکے رسید کیے ۔ مقررہ 21 اوورز کی تکمیل پر نیوزی لینڈ صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز کے بھاری بھرکم اسکور پر کھڑا تھا جس میں اینڈرسن کا حصہ صرف 47 گیندوں پر ناقابل شکست 131 رنز کا رہا۔

اینڈرسن کی یہ اننگز کئی لحاظ سے آفریدی کی باری سے شاندار تھی۔ ایک تو چھکوں کی تعداد بھی اس میں زیادہ تھی اور دوسرا یہ کہ وہ ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔ آفریدی نے اپنی یادگار اننگز میں کل 40 گیندیں کھیلیں اور 6 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جبکہ اینڈرسن کی باری میں چوکے تو 6 ہی تھے لیکن چھکوں کی تعداد 14 رہی جبکہ وہ ناقابل شکست میدان سے لوٹے۔

حقیقت یہ ہے کہ اگر یہ مقابلہ محض 21 اوورز تک محدود نہ رہتا تو آج کوری اینڈرسن ممکنہ طور پر کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیتے اور ایک ریکارڈ تو کافی حد تک ان کی گرفت میں بھی آ چکا تھا جیسا کہ ایک روزہ اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ۔ اینڈرسن نے اپنی اننگز میں 14 شاندار چھکے رسید کیے اور انہیں روہیت شرما کا 16 چھکوں کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے مزید دو شاٹس کی ضرورت تھی۔

البتہ نیوزی لینڈ نے ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ ضرور اپنے نام کرلیا۔ جیسی رائیڈر، جو 191 رنز کی شاندار شراکت داری میں اینڈرسن کے ساتھی تھے، کے 5 اور کپتان برینڈن میک کولم کے 3 چھکے ملائیں تو میچ میں نیوزی لینڈ کے چھکوں کی تعداد 22 بن جاتی ہے جو بھارت کے 19 چھکوں کے ریکارڈ سے کہیں آگے ہے جبکہ کمال یہ ہے کہ بھارت نے یہ چھکے 50 اوورز میں لگائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ نے محض 21 اوورز میں یہ کمال کر دکھایا۔

ویسٹ انڈیز کے باؤلرز کی جو درگت اینڈرسن اور 51 گیندوں پر 104 رنز بنانے والے جیسی رائیڈر نے بنائی، اس کا اندازہ ذرا اعدادوشمار سے لگائیے۔ روی رامپال کے 3 اوورز میں 64 رنز، لینڈل سیمنز کے دو اوورز میں 29، سنیل نرائن کے 4 اوورز میں 50، ہولڈر کے 48، ملر کے 44 اور ڈیوین براوو کے 48 رنز پڑے۔