شاہد آفریدی دورہ چھوڑ کر اچانک وطن واپس روانہ

پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اپنی بیٹی کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف سیریز چھوڑ کر فوراً وطن واپس آ رہے ہیں۔

شاہد کو پاک-سری لنکا چوتھے ون ڈے کے دوران بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی اطلاع ملی، جس پر انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں انہیں پانچویں ایک روزہ مقابلے کے لیے ریلیز کردیا گیا۔ اب سیریز میں اب تک اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے شاہد فوراً سے پیشتر وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی اپنی اہلیہ کے آپریشن کی وجہ سے پہلے ہی پاک-لنکا سیریز کے لیے تاخیر سے عرب امارات پہنچے تھے اور اب بیٹی کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے اہل خانہ کے لیے شاہد کی موجودگی ضروری ہے۔
پاکستان سری لنکا کے خلاف سیریز پہلے ہی تین-ایک سے جیت چکا ہے جبکہ ایک مقابلہ ابھی باقی ہے، جو 27 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ ویسے بھی شاہد کا سیریز میں آخری مقابلہ ہوتا کیونکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے اور ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ویسے ہی وطن واپس آ جاتے۔