سری لنکن شیروں کا سامنے کے لیے شاہد خان آفریدی عرب امارات روانہ

1 1,677

پاکستان کے جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی سری لنکا کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے۔

پاک-سری لنکا سیریز 11 دسمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی سے شروع ہوگی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ایک مزید ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور تین ٹیسٹ میچز میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ اس سیریز کے آغاز سے قبل 8 دسمبر بروز اتوار پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں واحد ٹی ٹوئٹی مقابلہ بھی ہوگا۔

شاہد گیندبازی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی جوہر دکھانے کے خواہشمند (تصویر: AFP)
شاہد گیندبازی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی جوہر دکھانے کے خواہشمند (تصویر: AFP)

عرب امارات روانگی سے قبل کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں تاریخی فتح کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بہت بلند ہیں اور آنے والی اہم سیریز میں یہی بلند حوصلگی قومی کرکٹ ٹیم کے کام آئے گی۔

حالیہ دورۂ جنوبی افریقہ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سخت مقابلے کے بعد پہلی بار کسی ون ڈے سیریز میں شکست دی لیکن شاہد کا کہنا تھا کہ پروٹیز کے خلاف سیریز میں ٹیم سے غلطیاں ہوئیں اور ان غلطیوں کا اعادہ سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے میں آڑے آ سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان غلطیوں پر قابو پایا جائے۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کے گیندباز تو کارکردگی دکھاتے ہی رہتے ہیں لیکن بلے بازی کا شعبہ عرصے سے پاکستان کی کمزوری بنا ہوا ہے، اب اگر وہ کارکردگی دکھائیں گے تو بات بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے بلے باز اسپن باؤلرز کو بہت عمدگی سے کھیلتے ہیں لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان یہاں کھیلی گئی گزشتہ سیریز کی طرح اب بھی میں اور سعید اجمل اپنی فارم کی بدولت ان پر قابو پا لیں گے۔

اگلے سال مارچ میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014ء کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ اس اہم ٹورنامنٹ سے قبل ہمیں محدود اوورز پر مشتمل جتنے مقابلے کھیلنے کو مل جائیں اتنا ہی بہتر ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کو بھرپور مشق ملے گی۔

اپنی ذاتی کارکردگی کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ باؤلنگ میں میں کارکردگی دکھا ہی رہا ہوں اور اب میری پوری کوشش ہے کہ بلے بازی میں بھی کچھ کردکھاؤں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے 10 کھلاڑی پہلے ہی متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں جبکہ شاہد آفریدی اپنی اہلیہ کے آپریشن کی وجہ سے ایک دن کے وقفے کے بعد روانہ ہوئے ہیں۔