ہربھجن کے مستقبل پر سوالیہ نشان، دورۂ آسٹریلیا سے باہر

روی چندر آشون نے زبردست آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ہربھجن سنگھ کے مستقبل پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ 17 رکنی دستے میں تجربہ کار ہربھجن کو باہر کر کے اس خدشے کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔
بھارت کے دورۂ آسٹریلیا کا باضابطہ آغاز 26 دسمبر سے ملبورن کے تاریخی میدان میں 'باکسنگ ڈے ٹیسٹ' سے ہوگا جس میں بعد ازاں مزید تین ٹیسٹ مقابلوں، دو ٹی ٹوئنٹی اور سہ فریقی ایک روزہ ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت اور آسٹریلیا کے علاوہ سری لنکا بھی کھیلے گا۔

آشون کے علاوہ بھارت نے ایک اور اسپنر پراگیان اوجھا کو بھی دستے کا حصہ بنایا ہے۔ ہربھجن سنگھ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر کافی عرصے سے جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں بلکہ مقامی کرکٹ میں بھی انہوں نے کوئی عمدہ کارکردگی نہیں دکھائی۔ جیسا کہ رواں ماہ اتر پردیش، اڑیسہ اور سوراشٹر کے خلاف تین فرسٹ کلاس مقابلوں میں انہوں نے صرف 2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ہربھجن کو انگلستان کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد دورۂ ویسٹ انڈیز سے باہر کر دیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ یووراج سنگھ اور سریش رائنا بھی دستے کا حصہ نہیں ہیں۔
17 رکنی بھارتی دستہ 8 ماہر بلے بازوں، دو وکٹ کیپر بلے بازوں، پانچ تیز اور دو اسپن گیند بازوں پر مشتمل ہے۔ وریدھمن ساہا کو کپتان مہندر سنگھ دھونی کے متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں وہ وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری سنبھال سکیں۔
ٹیم میں ایک اہم شمولیت تیز گیند باز ظہیر خان کی ہے جو اس وقت ران اور ٹخنے کی انجریز کے شکار ہیں اور اپنی فٹنس ثابت کر کے حتمی دستے کا حصہ بن سکتے ہیں۔
بھارت کے قومی سلیکٹر کرش سری کانت کا کہنا ہے کہ ظہیر رانجی ٹرافی کے چند مقابلے کھیلیں گے اور ایک مرتبہ مکمل طور پر فٹ ہو جانے کے بعد وہ دستے میں شمولیت حاصل کر سکتے ہیں۔
روی چندر آشون کو ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں کیریئر کا یادگار آغاز کرنے پر آسٹریلیا کے دورے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے سیریز میں 22.90 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ پراگیان اوجھا بھی ان سے پیچھے نہیں جنہوں نے 22.50 کے اوسط سے 20 حریف کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آشون نے وانکھیڑے، ممبئی میں جاری تیسرے و آخری ٹیسٹ میں ایک اہم سنچری اننگز بھی کھیلی یوں گیند کے ساتھ ساتھ بلے سے بھی اپنی اہلیت ثابت کی ہے۔
بھارت کا اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، امیش یادیو، ایشانت شرما، پراگیان اوجھا، پروین کمار، راہول ڈریوڈ، روہیت شرما، روی چندر آشون، سچن ٹنڈولکر، ظہیر خان، گوتم گمبھیر، ورون آرون، وریدھمن ساہا، وریندر سہواگ، وی وی ایس لکشمن اور ویرات کوہلی۔