زمبابوے ڈھیر ہو گیا، آسٹریلیا کی برتری فیصلہ کُن

یہ آج یعنی 31 اگست ہی کا دن تھا جب زمبابوے نے پورے 31 سال بعد آسٹریلیا کو کسی ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی تھی۔ لیکن آٹھ سال بعد آج کا دن اتنا خوش قسمت ثابت نہیں ہوا، کیونکہ زمبابوے 100 رنز بھی نہیں بنا پایا اور آسٹریلیا نے دوسرا ون ڈے بھی جیت کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
زمبابوے کا دورۂ آسٹریلیا 2022ء - دوسرا ون ڈے
آسٹریلیا بمقابلہ زمبابوے
31 اگست 2022ء
دوسرے ون ڈے مچل اسٹارک کے ابتدائی وار اتنا گہرے تھے کہ زمبابوے اس کے بعد سنبھل ہی نہیں پایا۔ صرف 14 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو جانے کے بعد شان ولیمز کے 29 اور سکندر رضا کے 17 رنز ہی سب سے بڑی اننگز ثابت ہوئے۔ باقی کوئي 10 رنز سے آگے بھی نہیں جا پایا۔ چھ بلے بازوں کی اننگز دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچی۔ یہاں تک کہ پوری ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
اسٹارک نے 24 اور ایڈم زیمپا نے صرف 21 رنز دے کر تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آسٹریلیا کو بھی صرف 16 رنز پر دونوں اوپنرز کی وکٹ دینا پڑی، لیکن اس نے میچ پر گرفت نہیں کھوئی۔ تیسری وکٹ پر اسٹیون اسمتھ کے 41 گیندوں پر 47 اور ایلکس کیری کے 26 رنز نے میچ کا ہی خاتمہ کر دیا۔ دونوں نے 84 رنز کی شراکت داری کی، وہ بھی محض 74 گیندوں پر۔ آسٹریلیا نے ہدف پندرہویں اوور میں حاصل کر لیا اور ساتھ ہی سیریز بھی جیت لی۔
سیریز کا آخری مقابلہ ہفتہ 3 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔