پاکستان ویمنز نے ون ڈے سیریز بھی جیت لی

پاکستان ویمنز نے سدرہ امین کی شاندار سنچری، منیبہ علی کے ساتھ اُن کی ریکارڈ پارٹنرشپ اور پھر فاطمہ ثنا کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت سری لنکا ویمنز کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل با آسانی ہرا دیا اور یوں تیسرے اور آخری ون ڈے سے پہلے ہی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلتے ہوئے پاکستان نے صرف دو وکٹوں پر 253 رنز بنائے، جو اس سیریز کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ اس میں سب سے نمایاں حصہ سدرہ امین کا تھا، جنہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی۔ 150 گیندوں پر 123 رنز کی اننگز اُس وقت مکمل ہوئی جب پاکستانی اننگز کا 48 واں اوور چل رہا تھا۔ اگر سدرہ یوں آؤٹ نہ ہوتیں تو ان کے پاس پاکستان ویمنز کے لیے طویل ترین ون ڈے اننگز کا ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا۔ بہرحال، 11 چوکوں سے مزین یہ اننگز دیکھنے کے لائق تھی۔
سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - دوسرا ون ڈے
پاکستان بمقابلہ سری لنکا
3 جون 2022ء
ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی
نتیجہ: پاکستان 73 وکٹوں سے جیت گیا
پاکستان ویمنز 🏆 | 253-2 | |
سدرہ امین | 123 | 150 |
منیبہ علی | 56 | 100 |
سری لنکا باؤلنگ | ا | م | ر | و |
کاویشا دلہاری | 10 | 2 | 43 | 1 |
اوشادی رانا سنگھے | 10 | 0 | 44 | 1 |
سری لنکا ویمنز | 180-9 | |
ہارشیتھا مداوی | 41 | 48 |
کاویشا دلہاری | 32 | 35 |
پاکستان باؤلنگ | ا | م | ر | و |
فاطمہ ثنا | 10 | 3 | 26 | 4 |
عمیمہ سہیل | 8 | 0 | 35 | 2 |
سدرہ نے پہلی وکٹ پر منیبہ کے ساتھ 158 رنز کی ریکارڈ شراکت داری بھی کی۔ یہ پہلی وکٹ پر پاکستان ویمنز کی طویل ترین رفاقت تھی۔ اس میں منیبہ کا حصہ 56 رنز کا تھا، لیکن انہوں نے کافی سست روی سے بیٹنگ کی اور 100 گیندیں کھیل گئیں۔
البتہ بسمہ معروف کے تیزی سے بنائے گئے 36 رنز نے پاکستان کو 250 رنز کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں مدد دی۔ اس اننگز کے دوران بسمہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
سیریز میں اب تک ایک کامیابی تک سے محروم سری لنکا کے لیے اتنا بڑا ہدف حاصل کرنا بہت مشکل تھا۔ جب 90 رنز پر چار آؤٹ ہوئے تو ہدف مشکل سے ناممکن ہو گیا۔
مقررہ 50 اوورز کی تکمیل پر مہمان ٹیم 9 وکٹوں پر 180 رنز سے ہی بنا پائی۔ یعنی پاکستان نے 73 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔
سدرہ امین کو شاندار اننگز پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔