آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا، اخلاقی حیثیت پر سوالات اٹھ گئے

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم اگلے ہفتے سری لنکا کے دورے پر پہنچے گی، ایک ایسے ملک میں جو اس وقت بد ترین معاشی و سیاسی بحران سے گزر رہا ہے۔
رواں مہینے کے اوائل میں سری لنکا میں پُر تشدد مظاہروں کے بعد کرفیو لگایا گیا اور حکومت کا بھی خاتمہ ہو گیا۔ اب بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ضرورت کی اہم اشیا کی دستیابی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کو پچھلے ہفتے ہی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ سری لنکا دورے کے لیے بالکل محفوظ ملک ہے۔
آسٹریلیا نے حال ہی میں 24 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ کیا، جو بہت یادگار انداز میں اختتام کو پہنچا۔ لیکن سری لنکا کے دورے کی اخلاقی حیثیت پر چند کھلاڑیوں نے سوالات اٹھائے ہیں۔
مثلاً تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کولمبو میں کھیلی جائے گی، جہاں تمام میچز رات کے اوقات میں ہوں گے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں اس وقت بجلی کا بد ترین بحران ہے، ایک کھیل کے لیے بجلی کا یوں استعمال کرنا اخلاقی طور پر سوال تو اٹھاتا ہے۔
ویسے کہا جارہا تھا کہ ان میچز کو دن میں کرانے پر غور کیا جا رہا ہے لیکن ایسا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔
پھر ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے لیے دونوں ٹیمیں پالی کیلے اور ٹیسٹ کے لیے گال کا سفر کریں گی۔ یہاں بھی سوال اٹھتا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک میں ایندھن کی شدید قلت ہے، آخر کس طرح یوں کھیلنا مناسب لگتا ہے؟
آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے خدشات سے آگاہ ہے لیکن ادارے کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی کھلاڑی نے یہ نہیں کہا کہ وہ دورے میں شرکت نہیں کرے گا۔
"کھلاڑی سری لنکا کی صورت حال سے واقف ہیں اور یہ کہنا مناسب ہوگا کہ ان حالات میں جب سری لنکا کے عوام سخت مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، وہاں کا دورہ کرنا مناسب نہیں لگتا۔ بہرحال، ہمارے کھلاڑی کرکٹ جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کی ہدایات اور رہنمائی پر عمل کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ یہ چھ سال بعد آسٹریلیا کا پہلا دورۂ سری لنکا ہوگا۔
آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
![]() | ![]() | پہلا ٹی ٹوئنٹی | کولمبو | 7 جون 2022ء |
![]() | ![]() | دوسرا ٹی ٹوئنٹی | کولمبو | 8 جون 2022ء |
![]() | ![]() | تیسرا ٹی ٹوئنٹی | پالی کیلے | 11 جون 2022ء |
![]() | ![]() | پہلا ون ڈے | پالی کیلے | 14 جون 2022ء |
![]() | ![]() | دوسرا ون ڈے | پالی کیلے | 16 جون 2022ء |
![]() | ![]() | تیسرا ون ڈے | کولمبو | 19 جون 2022ء |
![]() | ![]() | چوتھا ون ڈے | کولمبو | 21 جون 2022ء |
![]() | ![]() | پانچواں ون ڈے | کولمبو | 24 جون 2022ء |
![]() | ![]() | پہلا ٹیسٹ | گال | 29 جون تا 3 جولائی 2022ء |
![]() | ![]() | دوسرا ٹیسٹ | گال | 8 تا 12 جولائی 2022ء |