چندیمل اور ڈِکویلا نے میچ بچا لیا، چٹوگرام ٹیسٹ ڈرا

0 1,000

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ ایک نازک موڑ تک پہنچنے کے بعد ڈرا ہو گیا۔ پہلی اننگز میں 68 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد بنگلہ دیش نے آخری روز سری لنکا کی چھ وکٹیں 161 رنز پر حاصل کر لی تھیں جبکہ 30 اوورز کا کھیل ابھی باقی تھا۔ اگر یہاں پر باقی ماندہ کھلاڑی جلد آؤٹ ہو جاتے تو میچ خاصا سنسنی خیز ہو جاتا لیکن دنیش چندیمل اور نیروشان ڈِکویلا نے ایسا نہیں ہونے دیا اور بنگلہ دیش کے ارمان ٹھنڈے ہو گئے۔

سابق کپتان چندیمل 135 گیندوں پر 39 جبکہ ڈِکویلا 96 گیندوں پر 61 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے تقریباً 34 اوورز تک بنگلہ دیشی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ویسے ابتدائی چار دن کے کھیل کے بعد چٹوگرام ٹیسٹ کے نتیجہ خیز ہونے کے امکانات کم تھے لیکن یہ جدید ٹیسٹ کرکٹ ہے، کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ آخری روز کھانے کے وقفے تک سری لنکا کی برتری صرف 60 رنز کی تھی۔ جب بنگلہ دیش نے 161 رنز پر سری لنکا کا چھٹا کھلاڑی آؤٹ کیا تو یہ برتری صرف 93 رنز تھی اور ابھی کھانے کے وقفے کے بعد کھیل شروع ہی ہوا تھا۔

ویسے بنگلہ دیش بلند حوصلوں کے ساتھ آخری دن میدان میں اترا تھا کیونکہ اس نے چوتھے دن کے اختتامی لمحات میں سری لنکا کی دو وکٹیں گرا لی تھیں۔ پھر جب تیج الاسلام نے وسال مینڈس اور پہلی اننگز میں 199 رنز بنانے والے اینجلو میتھیوز کو صفر پر آؤٹ کیا تو گویا تہلکہ مچ چکا تھا۔ لیکن میچ بالآخر منطقی نتیجے یعنی میچ ڈرا پر ہی پہنچا۔

سری لنکا کا دورۂ بنگلہ دیش 2022ء - پہلا ٹیسٹ

‏15 تا 19 مئی 2022ء

ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم، چٹوگرام، بنگلہ دیش

میچ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہو گیا

سری لنکا (پہلی اننگز) 397
اینجلو میتھیوز8495نعیم حسن6-10530
دنیش چندیمل66148شکیب الحسن3-6039
بنگلہ دیش (پہلی اننگز)465
تمیم اقبال133218کاسن راجیتھا4-6024.1
مشفق الرحیم105282اسیتھا فرنینڈو3-7226
سری لنکا (دوسری اننگز)260-6
نیروشان ڈِکویلا6196تیج الاسلام4-8234
دیموتھ کرونارتنے52138شکیب الحسن1-5825

ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں ٹاس سری لنکا نے جیتا تھا اور پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اینجلو میتھیوز کی 199 رنز کی اننگز سب سے نمایاں رہی۔ وہ ڈبل سنچری سے صرف ایک رن کی دُوری پر آؤٹ ہونے والے دنیا کے چند بلے بازوں میں سے ایک بن گئے۔ ویسے چندیمل اور مینڈس نے پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنائی تھیں اور سری لنکا 397 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

نعیم حسن نے پہلی اننگز میں 105 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔ پہلی ہی وکٹ پر محمود الحسن جوئے اور تمیم اقبال نے 162 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ یہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ 397 رنز کافی نہیں ہوں گے۔ پھر تمیم اقبال کی 133 اور مشفق الرحیم کی 105 رنز کی اننگز نے بنگلہ دیش کو 465 رنز تک پہنچایا۔

اس دوران تمیم اور مشفق کی 5 ہزار ٹیسٹ رنز تک پہنچنے کی دوڑ بھی اپنے اختتام کو پہنچی۔ مشفق تمیم سے پہلے اس سنگِ میل تک پہنچے اور یوں بنگلہ دیش کے لیے 5 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بنے۔

ان دونوں کے علاوہ لٹن داس کے 88 اور محمود الحسن کے 58 رنز بھی نمایاں رہے۔

بہرحال، 68 رنز کی برتری لینے کے بعد چوتھے دن کے اختتامی لمحات میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی۔

آخری روز 39 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دن کا آغاز کرنے والا سری لنکا کھانے کے وقفے کے بعد ہی چھ وکٹوں سے محروم ہو گیا۔ لیکن چندیمل اور ڈِکویلا کی مزاحمت کی بدولت میچ بچانے میں کامیاب ہو گیا۔

اینجلو میتھیوز کو میچ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اب سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 23 مئی سے میر پور، ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ دیکھتے ہیں یہ آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ کس کے نام ہوگا؟