شاہد خان آفریدی کے والد انتقال کر گئے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کے والد صاحبزادہ فضل الرحمن طویل علالت کے بعد بدھ کی صبح کراچی میں انتقال کر گئے. مرحوم کی عمر 67 برس تھی. صاحبزادہ فضل الرحمن کے سوگواران میں 6 بیٹے اور 6 بیٹیاں شامل ہیں.

شاہد آفریدی کے والد صاحبزادہ فضل الرحمن دو ماہ امریکا میں زیر علاج رہنے کے بعد پچھلے مہینے کراچی آئے تھے جہاں انہیں دل کا شدید دورہ پڑنے کے سبب معروف آغا خان ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں منتقل کر دیا گیا تھا. والد کی اچانک خرابی طبیعت کے باعث شاہد آفریدی کاؤنٹی کرکٹ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس آگئے. انگلستان میں شاہد آفریدہ فرینڈز ٹی ٹوئنٹی میں ہمپشائر کاؤنٹی کی نمائندگی کر رہے تھے.
وطن واپسی کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے والد صاحبزادہ فضل الرحمن آفریدی کی عیادت کی اور اپنے مداحوں اور شائقین کرکٹ سمیت پوری قوم سے والد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی تھی.
صاحبزادہ فضل الرحمن آفریدی مرحوم کی نماز جنازہ آج (بروز بدھ) مدینہ مسجد، گلشن اقبال، کراچی میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کا جسد خاکی اسکاؤٹ کالونی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا.