ویسٹ انڈيز کے خلاف سیریز، قومی ٹیم کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ تجربہ کار محمد حفیظ کو توقع کے عین مطابق آرام دیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان سپر لیگ تھری میں بہترین کارکردگی دکھانے والے تین کھلاڑیوں کی شمولیت کے بعد حارث سہیل، عمر امین اور عامر یامین کی چھٹی ہو گئی ہے جبکہ رمّان رئیس فٹنس مسائل کے باعث قومی دستے میں شامل نہیں کیے گئے۔
پی ایس ایل میں کارکردگی کی بنیاد پر جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو شاندار مڈل آرڈر بلےباز محمد آصف اور حسین طلعت بھی شامل ہیں، جو اس سیریز سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کر سکتے ہں۔ کراچی کنگز کے عثمان شنواری کی بھی واپسی ہوئی ہے۔حیرت کی بات یہ ہے کہ پی ایس ایل میں مقامی بلےبازوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کامران اکمل کا نام کہیں نظر نہیں آ رہا، حالانکہ وہ مکمل فارم میں ہیں اور جارحانہ بلےبازی سے مہمان دستے کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔ بہرحال یکم سے تین اپریل تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی اس سیریز کے لیے قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
سرفراز احمد(کپتان، وکٹ کیپر)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف ،محمد نواز، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، راحت علی، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی۔