بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ویسٹ انڈین دستے کا اعلان

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے معرکے کے لیے 13 رکنی دستے کا ااعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کے خلاف کھیلے گئے آخری ٹیسٹ کے مقابلے میں اس مرتبہ دستے میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور کریگ بریتھویٹ کی جگہ ایڈریان بارتھ کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے جبکہ زیر عتاب لیکن اِن فارم کرس گیل کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ گیل پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بھی ٹیم میں شامل نہیں گیے گئے تھے اور حال ہی میں ان کے کرکٹ بورڈ سے مذاکرات ناکام بھی ہوئے ہیں۔ اس طرح ان کے بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
دوسری جانب گو کہ شیونرائن چندر پال کا نام 13 رکنی دستے میں شامل ہے تاہم ٹیسٹ میچ سے قبل بورڈ ان سے رابطہ کرے گا جس کے بعد ہی ان کی حتمی شرکت پر کوئی فیصلہ کیا جا سکے گا۔
ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز کے ابتدائی تینوں میچز میں شکست کھانے کے بعد بھرپور جوابی حملہ کیا اور آخری دونوں ایک روزہ میچز جیت کر عالمی چیمپیئن کے دانت کھٹے کر دیے۔ اب توقع ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔
دونوں ٹیمیں 20 سے 24 جون تک سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
اعلان کردہ 13 رکنی ویسٹ انڈین دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، برینڈن نیش (نائب کپتان)، ایڈریان بارتھ، دیوندر بشو، ڈیرن براوو، رامنریش سروان، روی رامپال، شیونرائن چندرپال، فیڈل ایڈورڈز، کارلٹن با، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز، ۔