آؤٹ یا چھکا؟ ڈی ولیئرز کے کیچ پر ایک نئی بحث

آج کی تیز رفتار کرکٹ میں معیاری فیلڈنگ کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ ایک اچھا کیچ یا رن آؤٹ مقابلے کا پانسہ پلٹ سکتا ہے جیسا کہ گزشتہ روز جنوبی افریقہ اور انگلستان کے مقابلے میں ہوا کہ جہاں ابراہم ڈی ولیئرز کے ناقابل یقین کیچ کے ساتھ ہی مقابلہ جنوبی افریقہ کی گرفت سے نکل گیا۔
بلوم فونٹین میں ہونے والے پہلے ایک روزہ میں جنوبی افریقہ بیسویں اوور میں صرف دو وکٹوں پر 151 رنز کے ساتھ بہترین مقام پر تھا جب ڈی ولیئرز نے معین علی کو آگے بڑھ کر ایک زوردار شاٹ مارا۔ گیند زیادہ بلندی پر تو نہیں گئی لیکن گولی کی سی تیزی سے لانگ-آن کے قریب سے چھکے کے لیے جا رہی تھی کہ اچانک بین اسٹوکس نے ایک ہاتھ سے اسے پکڑ لیا۔ ڈی ولیئرز کو کافی دیر تک یقین ہی نہیں آیا کہ یہ ہوا کیا ہے۔ اس وقت صرف 8 رنز پر بلے بازی کر رہے تھے اور اندازہ تھا کہ کچھ ہی دیر میں بارش کی وجہ سے مقابلہ رک جائے گا اور فیصلہ ڈک ورتھ-لوئس طریقے کے مطابق ہوگا۔ اس لیے رنز کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے لیے وکٹیں بھی ضروری تھیں۔ بہرحال، آخر میں جنوبی افریقہ ناکام ٹھیرا اور انگلستان 39 رنز سے مقابلہ جیت گیا۔
لیکن مقابلے کے بعد بحث کے لیے ایک موضوع کھل گیا ہے کہ آیا یہ کیچ بھی تھا یا نہیں۔ وجہ یہ تھی کہ اس وقت بارش سے قبل میدان میں بہت تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور باؤنڈری لائن پر موجود چوکے کے نشانات اپنی جگہ سے کافی ہٹ گئے تھے جیسا کہ اس تصویر سے ظاہر ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کیچ لے کر بھاگتے ہوئے اسٹوکس دراصل عین اسی مقام سے گزرے ہوں جو دراصل حقیقی باؤنڈری لائن تھی۔ بہرحال، جو بھی ہو فیصلہ تو اب ہو چکا ہے لیکن آئندہ کے لیے ایک سبق ضرور لینا چاہیے۔
ذرا آپ بھی وڈیو دیکھیں اور بتائیں۔ یہ آؤٹ ہے یا چھکا؟
Ben Stokes takes a stunning catch!
THIS. IS. UNREALWhat more can you say?Ben Stokes takes a stunner!See #SAvENG on SS2 now!skysports.tv/2hwoN8
Posted by Sky Sports on Wednesday, February 3, 2016