[ریکارڈز] عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے گیندباز

جنوبی افریقہ نے جہاں سری لنکا کو شکست دے کر عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں تاریخی کامیابی حاصل کی، وہیں یہ مقابلہ ژاں-پال دومنی کے لیے بھی یادگار رہے گا۔ ایک جزوقتی گیندباز کے لیے ہیٹ ٹرک سے بڑا انعام بھلا کیا ہوسکتا ہے؟ وہ بھی اگر ایسے مقابلے میں مل جائے جسے جیتنا ملک کے لیے 'ناک' کا مسئلہ بن گیا ہو۔ جنوبی افریقہ نے تاریخ میں پہلی بار عالمی کپ میں کوئی ناک-آؤٹ مقابلہ جیتا اور اس جیت میں ایک اہم کردار رہے دومنی۔
جب پہلے بلے بازی کرنے والے سری لنکا کی اننگز تتر بتر ہوچکی تھی تو 33 ویں اوور کی آخری گیند پر دومنی نے سری لنکا کی امیدوں کے چراغ یعنی کپتان اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کیا اور پھر اپنے اگلے اوور کی پہلی دو گیندوں پر نووان کولاسیکرا اور تھارنڈو کوشال کو آؤٹ کرکے سری لنکا کے پیروں تلے سے زمین کھینچ لی۔ وہ رواں عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے گیندباز تھے جبکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر آٹھویں اور جنوبی افریقہ کے پہلے باؤلر۔
عالمی کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک 1987ء میں بھارت کے چیتن شرما نے کی تھی جنہوں نے ناگپور میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اس کے بعدپہلے تین عالمی کپوں کی طرح اگلے دو ٹورنامنٹس میں بھی کوئی گیندباز یہ شرف حاصل نہ کرسکا یہاں تک کہ پاکستان کےثقلین مشتاق نے 1999ء میں زمبابوے کے خلاف اہم مقابلے میں مسلسل تین گیندوں پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد سے اب تک کوئی عالمی کپ کسی ہیٹ ٹرک سےخالی نہیں گیا بلکہ 2003ء اور 2011ء میں تو دو، دو مرتبہ ایسا ہوا۔ بلکہ جاری عالمی کپ میں بھی یہ دوسری ہیٹ ٹرک تھی۔ انگلستان کے اسٹیون فن آسٹریلیا کے خلاف مقابلے میں پہلے ہی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
ذیل میں عالمی کپ میں ہونے والی تمام ہیٹ ٹرکس کی تفصیلات پیش کررہے ہیں، امید ہے کہ آپ کی معلومات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔
ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے گیندباز
گیندباز | ملک | آؤٹ ہونے والے بلے باز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
چیتن شرما | ![]() |
کین ردرفرڈ - این اسمتھ - ایون چیٹ فیلڈ | ![]() |
ناگ پور | 31 اکتوبر 1987ء |
ثقلین مشتاق | ![]() |
ہنری اولنگا- ایڈم ہکل - پومی ایم بانگوا | ![]() |
اوول، لندن | 11 جون 1999ء |
چمندا واس | ![]() |
حنان سرکار - محمد اشرفل - احسان الحق | ![]() |
پیٹر میرٹزبرگ | 14 فروری 2003ء |
بریٹ لی | ![]() |
کینیڈی اوٹینو - بریجل پٹیل - ڈیوڈ اوبویا | ![]() |
ڈربن | 15 مارچ 2003ء |
لاستھ مالنگا | ![]() |
شان پولاک - اینڈریو ہال - ژاک کیلس - مکھایا این تینی | ![]() |
گیانا | 28 مارچ 2007ء |
کیمار روچ | ![]() |
پیٹر سیلار - برنارڈس لوٹس - برینڈ ویسڈیک | ![]() |
دہلی | 28 فروری 2011ء |
لاستھ مالنگا | ![]() |
تنمے مشرا - پیٹر اونگونڈو - شیم اینگوشے | ![]() |
کولمبو | یکم مارچ 2011ء |
اسٹیون فن | ![]() |
بریڈ ہیڈن - گلین میکس ویل - مچل جانسن | ![]() |
ملبورن | 14 فروری 2015ء |
ژاں-پال دومنی | ![]() |
اینجلو میتھیوز - نووان کولاسیکرا - تھارنڈو کوشال | ![]() |
سڈنی | 18 مارچ 2015ء |