مائیکل کلارک عالمی کپ کا پہلا مقابلہ نہیں کھیلیں گے

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک عالمی کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ سے قبل زخمی ہونے سے سخت تشویش میں مبتلا تھے یہاں تک کہ انہیں 21 فروری تک کا وقت دےدیا گیا کہ وہ خود کو دوبارہ فٹ کریں یعنی وہ آسٹریلیا کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ لیکن متحدہ عرب امارات کے خلاف وارم اپ مقابلے میں شرکت اور نصف سنچری نے امید کی کرن پیدا کردی ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے کوچ ڈیرن لیمین کہتے ہیں کہ کپتان انگلستان کے خلاف پہلے مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

آسٹریلیا عالمی کپ میں اپنا پہلا مقابلہ افتتاحی روز یعنی 14 فروری کو روایتی حریف انگلستان کے خلاف کھیلے گا اور کوچ سمجھتے ہیں کہ کلارک اپنی چوٹ سے جلد مکمل طور پر چھٹکارہ پا لیں گے۔
ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیمین نے کہا کہ ہمیں خوشی ہےکہ کلارک بہت تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں تاہم انہیں مکمل طور پر فٹ ہونے کے لیے مزید وقت کی ضرورت ہے۔ انہیں امید ہے کہ وہ 21 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے مقابلے میں ضرور شرکت کریں گے۔
آسٹریلیا کے اسٹار بلے باز اور کپتان مائیکل کلارک کچھ ہفتوں سے ہمسٹرنگ کے مسئلے سے دوچار ہیں۔ بدھ کو انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف وارم-اپ مقابلے میں شرکت اور 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا نے مقابلہ باآسانی 188 رنز سے جیتا لیکن اس کے لیے کلارک کو کھیلتے دیکھنا اس جیت سے زیادہ اہم تھا۔