کیزویٹر کا کیریئر خطرے کی زد میں

انگلستان اور سمرسیٹ کاؤنٹی کے وکٹ کیپر بلے باز کریگ کیزویٹر آنکھ پر چوٹ لگنے کے پانچ مہینے بعد بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے، اور اب ان کا کیریئر ہی خطرے سے دوچار ہوگیا ہے کیونکہ انہیں بصارت میں دشواری کا سامنا ہے اور کہتے ہیں کہ ان کی آنکھ اب بھی 100 فیصد ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔ کیزویٹر نے آئندہ بگ بیش لیگ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے اور شاید اب 2015ء سیزن میں بھی حصہ نہ لے پائیں۔

جولائی کے مہینے میں کیزویٹر کے زخمی ہونے کے بعد کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر آئی تھی جس میں ان کی دائیں آنکھ سوجی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ نارتھمپٹن شائر کے خلاف ایک مقابلے میں حریف گیندباز ڈیوڈ ولی کی ایک گیند کریگ کے ہیلمٹ میں گھس گئی تھی اور ان کی دائیں آنکھ اور ناک کے درمیان جالگی۔ جس کے نتیجے میں ناک، گال اور آنکھ کے گرد کی ہڈی کو سخت نقصان پہنچا لیکن وہ صحت یاب ہوئے اور بعد ازاں سمرسیٹ کاؤنٹی کے علاوہ جنوبی افریقہ کی ریم سلیم ٹی20 میں بھی شرکت کی۔ البتہ کیزویٹر سمجھتے ہیں کہ وہ اب بھی مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوئے۔ اس لیے انہوں نے آئندہ بگ بیش میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
انگلستان کی جانب سے 46 ایک روزہ اور 25 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلنے والے کیزویٹر چند روز قبل ہی عالمی کپ 2015ء کے لیے اعلان کردہ 30 رکنی انگلستان کے دستے میں شامل کیے گئے تھے۔