سچن کے پرستاروں نے ماریہ شیراپوا کی ناک میں دم کردیا

اس سال بھی ٹینس کے سب سے پرانے اور مشہور گرینڈسلام ٹورنامنٹ ومبلڈن کے ابتدائی مقابلے دیکھنے کے لیے دنیا کی معروف شخصیات برطانیہ میں موجود تھیں۔ رافیل نڈال، ماریہ شیراپوا اور راجر فیڈرر کو دیکھنے کے لیے جو شخصیات رائل بکس میں آئیں ان میں انگلستان کے مشہور فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم، گالف این پالٹر کے علاوہ دنیائے کرکٹ کے سابق کھلاڑی اینڈریو اسٹراس اور سچن تنڈولکر بھی موجود تھے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جب ماریہ شیراپوا سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ سچن تنڈولکر کو جانتی ہیں، جو ان کا میچ دیکھ رہے تھے؟ تو ان کا جواب نفی میں تھا۔ البتہ انہوں نے ڈیوڈ بیکہم سمیت دیگر شخصیات کی تعریف کی اور ان سے ملاقات کا مختصر احوال بھی سنایا۔
ماریہ کا سچن کو نہ پہچاننا کوئی اتنی معیوب بات نہیں تھی۔ کرکٹ کا کھیل مقبول ضرور ہے لیکن دنیا کی بہت بڑی آبادی ایسی ہے جہاں کرکٹ کھیلنا تو درکنار دیکھا بھی نہیں جاتا۔ ماریہ کا آبائی وطن روس اور موجودہ رہائش گاہ امریکہ بھی ایسے ہی ممالک ہیں، جہاں کرکٹ مقبول عام کھیل نہیں۔
لیکن ذرائع ابلاغ میں اس خبر کے گردش کرتے ہی کہ "ماریہ شیرا پوا نے سچن تنڈولکر کو پہچاننے سے انکار کردیا" کے بعد عظیم بلے باز کے پرستاروں نے آسمان سر پر اٹھالیا ہے۔ نہ صرف یہ کہ ماریہ کے فیس بک آفیشل پیج پر سچن کے بارے میں ہزاروں تبصرے شامل کیے بلکہ انہیں اخلاقیات سے گرے ہوئے تبصروں کا بھی سامنا کرنا پڑا جو کہ یقیناً فرنچ اوپن چیمپئن کے لیے درد سر ہوگا۔
یہ سلسلہ صرف فیس بک تک ہی محدود نہ رہا بلکہ شیراپوا کے لٹل ماسٹر کے بارے میں الفاظ کو خود ہی ان کی طرف لوٹانے کے لیے ٹویٹر پر #WhoisMariaSharapova شروع کیا گیا۔ پانچ بار گرینڈ سلام چیمپئن رہنے والی شیراپوا کو اندازہ بھی نہیں ہوگا کہ انہیں ایک بے ضرر سے سچ کی یہ قیمت ادا کرنا پڑے گی۔