پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز منسوخ کردی

اپنے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے محروم پاکستان کرکٹ اس وقت سنگین مالی بحران سے دوچار ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ کسی ایسی سیریز کی میزبانی کا متحمل نہیں، جس سے منافع کی توقع نہ ہو۔ بس یہی سبب ہے پاکستان و زمبابوے کی طے شدہ سیریز کے خاتمے کا جو رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی تھی۔

زمبابوے کو کوچ اینڈی والر نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال کے آخر میں پاکستان کے خلاف سیریز منسوخ ہوچکی ہے اور اب ہمیں سال کے آخر میں محض بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہوگا۔ مذکورہ دورے میں زمبابوے اور بنگلہ دیش تین ٹیسٹ مقابلے کھیلیں گے۔ یہ سیریز پہلے اکتوبر میں طے تھی لیکن بعد ازاں دسمبر تک موخر کردی گئی۔
اس وقت زمبابوے کے کھلاڑی دو ہفتوں پر مشتمل تربیتی کیمپ میں شریک ہیں جہاں وہ افغانستان کے خلاف سیریز اور اس کے بعد اگست سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز اور اس کے بعد سہ فریقی ون ڈے ٹورنامنٹ کی تیاریاں کررہے ہیں۔ مذکورہ ٹورنامنٹ میں تیسری ٹیم آسٹریلیا کی ہوگی۔
واضح رہے کہ زمبابوے نے گزشتہ سال ستمبر 2013ء میں پاکستان ہی کے اپنا آخری ٹیسٹ مقابلہ خلاف کھیلا تھا۔ ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے 24 رنز کی ڈرامائی فتح حاصل کی تھی اور سیریز ایک-ایک سے برابر ٹھہری تھی۔