وقار یونس کی تقرری کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا: نجم سیٹھی کی وضاحت

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے وقار یونس کی تقرری کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا، اس لیے دو سالہ معاہدے سے نوازنے کی خبروں میں فی الحال کوئی صداقت نہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں ہفتے کے روز یہ خبر کافی گردش کررہی ہے کہ بورڈ نے وقار یونس کو دو سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے، جبکہ نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ ابھی درخواستیں وصول کرنے کا عمل جاری ہے جو 5 مئی تک جاری رہے گا اس لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کسی ایک امیدوار کی تقرری کا فیصلہ ہوگیا ہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کوچ تلاش کمیٹی کے اراکین نے غیر رسمی طور پر مجھے بتایا ہے کہ ان کے خیال میں اب تک موصول ہونے والی درخواستوں کی بنیاد پر سب سے موزوں امیدوار وقار یونس ہیں۔ لیکن حتمی فیصلہ 6 مئی کو کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔
پاکستان ڈیو واٹمور کے دو سالہ عہد کے خاتمے کے بعد نئے ہیڈ کوچ، اور متعلقہ تربیتی عملے، کی خالی آسامیوں کے لیے درخواستیں وصول کررہا ہے۔ عبوری طور پر یہ ذمہ داری نبھانے والے معین خان اب چیف سلیکٹر اور ٹیم مینیجر کی دہری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور نئے ہیڈ کوچ کو تلاش کرنے والی کمیٹی میں بھی شامل ہیں۔