فٹ گیند باز ہی پاکستان کو جتوا سکتے ہیں: محمد اکرم

حال ہی میں پاکستان کے باؤلنگ کوچ کے عہدے سے ہٹائے گئے محمد اکرم کہتے ہیں کہ انہیں پاکستان کی باؤلنگ کے ہر شعبے پر تشویش ہے اور اس کی بنیادی وجہ فٹنس ہے۔

ڈیڑھ سال تک قومی باؤلنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے اکرم حال ہی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی منتقل کردیے گئے تھے اور اب وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ البتہ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت باؤلنگ کی کمزوری کی بنیادی وجہ فٹنس ہے اور اس کو بہتر بنانے کی صورت ہی میں باؤلنگ کا شعبہ مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ باؤلنگ مضبوط ہونے ہی کی صورت میں پاکستان ناقابل شکست بن سکتا ہے۔
محمد اکرم نے کہا کہ 18 ماہ باؤلرز کو بہت قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور اب اچھی طرح جانتا ہوں کہ کس باؤلر کے ساتھ کون سے مسائل ہیں۔ قومی اکیڈمی میں نہ صرف ان گیندبازوں بلکہ نئے کھلاڑیوں کو بھی تیار کروں گا تاکہ مستقبل قریب میں وہ قومی اسکواڈ تک پہنچیں اور خود کو فاتح ثابت کریں۔
ایک ماہ پر محیط قومی کیمپ کے حوالے سے سابق تیز گیندباز نے کہا کہ ابتدائی 15 دن شریک کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کریں گے اور اس کے بعد تمام کھلاڑیوں کو ایک فٹنس لیول تک پہنچنے کا ہدف دیں گے۔ جو اس سطح تک پہنچنے میں ناکام ہوگا، اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
عالمی کپ 2015ء کے حوالے سے محمد اکرم کا کہنا تھا کہ اہم ٹورنامنٹ ابھی خاصا دور ہے، اور میں نے اسے ہدف نہیں بنا رکھا۔ فی الوقت میرے مطمع نظر دورۂ سری لنکا اور آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہیں، اور یہاں پیش کی جانے والی کارکردگی ہی بتائے گی کہ عالمی کپ کی تیاریوں میں ہم کس مقام پر کھڑے ہیں۔
محمد اکرم اور دیگر کوچنگ عملے کی زیر نگرانی 36 کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 6 مئی سے لاہور میں شروع ہوگا۔