پاکستان سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 اپریل کو ہوگا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 اپریل کو ہوگا جس کی قیادت معین خان کریں گے۔
گو کہ پاکستان کی اگلی مہم ماہ اگست میں دورۂ سری لنکا ہے، جس میں ابھی کافی وقت ہے، لیکن کمیٹی کا یہ اجلاس طلب کرنے کی وجہ مجوزہ سمر کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگلے ماہ کے اوائل سے ایک مہینے تک ہونے والے کیمپ کے لیے 30 سے35 کھلاڑیوں کو طلب کیا جائے گا۔
دوسری جانب نئے چیف سلیکٹر اور ٹیم مینیجر معین خان کہتے ہیں کہ قومی ٹیم میں وہی جگہ پائے گا جو مکمل طور پر فٹ ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ دور جدید کی کرکٹ میں سب سے زیادہ اہمیت فٹنس کی ہے اور ہم بھی اسی کھلاڑی کو ترجیح دیں گے جو فٹ ہوگا۔
معین خان نے کہا کہ کھلاڑی جہاں بھی کھیلے، ہمیں اس کی فٹنس کا علم ہوتا رہتا ہے، چاہے وہ کیریبین لیگ ہو یا ڈومیسٹک کرکٹ۔ اس لیے اب صرف انہی کی دال گلے گی جو اپنی جسمانی اہلیت کو ثابت کریں گے۔