شعیب محمد ایک مرتبہ پھر کوچ بننے کے خواہشمند

حال ہی میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ کے عہدے سے فارغ ہونے کے باوجود شعیب محمد ایک مرتبہ پھر کوچ بننے کے خواہشمند ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کی فیلڈنگ کو کافی بہتر بنایا اور اگر دوبارہ اور مستقل بنیادوں پر موقع دیا جائے تو فیلڈنگ کو عالمی معیار کا بنائیں گے۔

کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹ نے کہا کہ وہ ہیڈ کوچ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کے لیے درخواست بھیجیں گے اور امیدہے کہ شرائط پر پورا اتریں گے۔ البتہ شعیب قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی تقرری پر خاصے برہم دکھائی دیے اور کہا کہ پاکستان کرکٹ غیر ملکیوں کے لیے صرف پیسہ کمانے کا ذریعہ رہی ہے۔ البتہ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو اب سمجھ آ چکا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو صرف پاکستانی ہی درست سمت میں گامزن کر سکتے ہیں۔ میں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر ایک ماہ ٹیم کے ساتھ گزارا اور اس دوران جو محنت کی اس کا ثبوت خود ٹورنامنٹ کے دوران دیکھا گیا۔
ماضی کے عظیم بلے باز حنیف محمد کے صاحبزادے شعیب محمد نے کہا کہ اگر مشہور زمانہ جنوبی افریقی فیلڈر جونٹی رہوڈز کو پاکستان کا نیا فیلڈنگ کوچ بنایا گیا تو وہ ضرور جاکر دیکھنا چاہیں گے کہ وہ ایسا کیا مختلف کرواتے ہیں جو مقامی کوچ نہیں کروا سکتے۔