معین خان کو چیف سلیکٹر اور ٹیم مینیجر بنا دیا گیا؛ ظہیر عباس مشیر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے معین خان کو چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کا مینیجر مقرر کردیا ہے جبکہ ظہیر عباس چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مشیر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اس کے ساتھ ہی مہر ثبت ہوگئی کہ معین خان ہیڈ کوچ کے عہدے کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ حالیہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ظہیر عباس کے بیٹنگ کوچ بننے کے امکانات بھی ختم ہوئے۔
معین خان نے ڈیو واٹمور کے دو سالہ عہد کے اختتام پر مذکورہ بالا دونوں اہم ٹورنامنٹس میں پاکستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دیے تھے جبکہ اس سے قبل وہ گزشتہ سال چیف سلیکٹر کے عہدے پر فائز کیے گئے تھے لیکن عدالت نے مداخلت کرکے انہیں عہدہ سنبھالنے سے روک دیا تھا۔ اس کے بعد نجم سیٹھی نے انہیں ٹیم مینیجر کے عہدے پر فائز کردیا تھا اور ڈیو واٹمور کے آخری ایام میں وہ اسی حیثیت سے قومی ٹیم کے ہمراہ رہے۔
چیف سلیکٹر کا عہدہ گزشتہ سال اقبال قاسم کے استعفے کے بعد سے خالی تھا اور عارضی سلیکشن پینل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
پاکستان نے گزشتہ ہفتے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، اسپن باؤلنگ کنسلٹنٹ، فزیو اور چند دیگر عہدوں کے لیے اشتہار شائع کیا تھا اور اس وقت امیدواروں کی درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان درخواستوں پر غور کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سہ رکنی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو نئے چیف سلیکٹر و ٹیم مینیجر معین خان کے علاوہ انتخاب عالم اور ہارون رشید پر مشتمل ہے۔ یہ کمیٹی موصول شدہ درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات 5 مئی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش کرے گی۔