ناراض افراد کو منانے کا سلسلہ جاری، بورڈ باسط علی اور عبد القادر کو بھی نوازے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے بنے بنائے سیٹ اپ کو اکھاڑنے کے بعد اب نجم سیٹھی نے تمام ناراض کھلاڑیوں کو منانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں راشد لطیف کو چیف سلیکٹر بنانے کے بعد مزید تقرریوں کا بھی امکان ہے۔

معین خان کو ہیڈ کوچ اور ظہیر عباس کو بیٹنگ مشیر بنانے کے بعد پی سی بی کے مقتدر حلقوں سے الجھنے میں شہرت رکھنے والے راشد لطیف کو اہم عہدے پر فائز کرنا اسی سلسلے کی کڑی ہے اور اب باسط علی اور عبد القادر کو بھی اہم عہدے دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں سابق ٹیسٹ بلے باز باسط علی نے نجم سیٹھی سے لاہور میں ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے بورڈ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ نجم سیٹھی انہیں من پسند عہدہ نوازنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کے مطابق باسط علی کو ریجنل کرکٹ اکیڈمی کراچی کا ڈائریکٹر بنایا جائے گا۔
دوسری جانب سابق لیگ اسپنر عبد القادر بھی فوائد سمیٹنے والوں میں شامل ہوں گے جن کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں لاہور اکیڈمی کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
آئندہ چند روز میں ان فیصلوں کے بارے میں عام اعلان کردیا جائے گا۔