ثانیہ مرزا کو سچن تنڈولکر کا دیا ہوا تحفہ آج بھی یاد

پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارت کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سچن تنڈولکر نے ومبلڈن ٹینس کا جونیئر ٹائٹل جیتنے پر اپنے دستخط سے مزین کار تحفے میں بھجوائی تھی۔

بھارتی اخبار 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق ثانیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت انہیں سچن نے کار کا تحفہ بھجوایا تھا، اس وقت ان کی عمر محض 15 سال تھی اور وہ سچن کو جانتی ہی نہیں تھیں تاہم اس تحفے سے انہیں بہت خوشی حاصل ہوئی۔
بھارت کی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکر نہ صرف لیجنڈری کرکٹر ہیں بلکہ وہ ٹینس کے بھی بہترین کھلاڑی ہیں اور یہ اندازہ انہیں اس وقت ہوا جب سچن ایک نمائشی میچ کھیلنے کولکتہ آئے تھے، جہاں میچ ریفری تھیں۔
ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ کوئی نہیں چاہتا کہ سچن کرکٹ چھوڑ دیں لیکن ایسا ممکن نہیں کیونکہ ہر کھلاڑی کو ایک دن اپنے کھیل کو خیرباد کہنا ہوتا ہے اور ہمیں سچن کے اس فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ باصلاحیت کھلاڑیوں سے بھری پڑی ہے، ویراٹ کوہلی اس کی جیتی جاگتی مثال ہیں، لیکن پھر بھی سچن کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوگا۔