شعیب اختر ساتھی کھلاڑی سے الجھ پڑے، مغلظات بکیں

شعیب اختر بین الاقوامی کرکٹ کو تو خیرباد کہہ گئے لیکن آج تک جھگڑالو طبیعت سے چھٹکارہ نہیں پا سکے۔ حال ہی میں ناروے میں ہونے والے ایک نمائشی کرکٹ میچ میں وہ ساتھی کھلاڑی سے الجھ پڑے اور جب معاملہ تلخ کلامی سے آگے بڑھنے لگا تو منتظمین کو مداخلت کر کے انہيں قابو کرنا پڑا۔

ناروے میں مقیم پاکستانی برادری کی جانب سے ایک نمائشی مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ایک ٹیم کی قیادت شعیب اختر کے پاس تھی جبکہ دوسری ٹیم کے قائد عبد الرزاق تھے۔
مقابلے میں اپنے پانچ اوورز میں 40 رنز کھانے کے باوجود جب شعیب اختر کو کوئی وکٹ نہ ملی تو ناروے سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی نژاد ساتھی کھلاڑی نے ازراہ مذاق کہہ دیا کہ شعیب بھائی! آپ میں اب پہلے جیسا دم خم نہیں رہا۔ یہ سننا تھا کہ شعیب آگ بگولا ہوگئے اور مغلظات بکنے لگے۔
میدان میں موجود شائقین کا بھی کہنا ہے کہ شعیب کا رویہ صرف میدان ہی میں نہيں بلکہ اس سے باہر بھی انتہائی نازیبا تھا جس کی وجہ سے منتظمین نے بھی شعیب کو تنہا چھوڑ دیا یہاں تک کہ واپسی پر انہیں ایئرپورٹ بھی اکیلے ہی آنا پڑا۔ منتظمین کی جانب سے کوئی فرد انہیں چھوڑنے کے لیے نہیں آیا۔