عید ختم، کیمپ شروع، کھلاڑی کل لاہور میں جمع ہوں گے

طویل عرصے بعد کھلاڑیوں کو گھر والوں کے ساتھ عید منانے کا موقع تو دیا گیا، لیکن یہ چار دن کی چاندنی ثابت ہوئی اور اب کھلاڑی کل سے لاہور میں قومی کیمپ میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز میں کامیاب سیریز کھیلنے کے بعدکھلاڑیوں کے لیے دوسرا انعام اس مرتبہ عید الفطر اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے کا موقع تھا۔ اپنے اپنے آبائی علاقوں میں عید کے دو ایام گزارنے کے بعد آج تمام کھلاڑی ایک مرتبہ پھر بوریا بستر باندھیں گے اور لاہور کا قصد کریں گے جہاں کل سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مختصر قومی کیمپ کا آغاز ہوگا جو دراصل دورۂ زمبابوے کی تیاری کا حصہ ہوگا۔
منگل سے شروع ہونے والے اس کیمپ کی نگرانی ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور کریں گے جبکہ باؤلنگ کوچ محمد اکرم اور فیلڈنگ کوچ جولین فاؤنٹین ان کی زیر سرپرستی متعلقہ شعبوں میں کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم 19 اگست کو زمبابوے روانہ ہوگی جہاں دورے کا باضابطہ آغاز 23 اگست کو پہلے ٹی ٹوئنٹی مقابلے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کے علاوہ عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی اس کیمپ میں شرکت نہیں کرپائیں گے کیونکہ چاروں کھلاڑی کیریبیئن پریمیئر لیگ 2013ء میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں اور براہ راست وہیں سے زمبابوے پہنچیں گے۔