چیمپئنز ٹرافی: میزبان انگلستان نے بھی ٹیم کا اعلان کر دیا

طویل عرصے سے کوئی بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیتنے کی خواہش رکھنے والا انگلستان اب اپنے ہی میدانوں پر آخری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی کوشش کرے گا۔ اس مقصد کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے جس 15 رکنی دستے کا انتخاب کیا ہے اس میں ٹم بریسنن، گریم سوان اور روی بوپارا کو واپس بلایا گیا ہے۔ روی بوپارا کو گزشتہ سال سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ جبکہ سوان اور بریسنن زخمی ہونے کی وجہ سے قومی ذمہ داریاں نبھانے سے قاصر تھے اور اب اس اہم ٹورنامنٹ میں ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔

اعلان کردہ ٹیم کی قیادت ایلسٹر کک کریں گے جبکہ دستہ تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے توازن کا حامل ہے۔ ایک طرف ایون مورگن، اسٹورٹ براڈ، گریم سوان، جوناتھن ٹراٹ اور این بیل ہیں تو دوسری جانب جانی بیئرسٹو، جوس بٹلر، کرس ووکس اور جو روٹ جیسے ابھرتے ہوئے ستارے بھی۔ یہ امتزاج انگلستان کو ٹورنامنٹ کی خطرناک ترین ٹیم بناتا ہے کیونکہ کنڈیشنز سے سب سے بہتر واقفیت میزبان ٹیم ہی رکھتی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں ایک روزہ کرکٹ ایک صبر آزما اور مشکل کھیل ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس میں بہترین بلے بازوں اور گیندبازوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ انگلستان کو گو کہ کیون پیٹرسن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی لیکن جوناتھن ٹراٹ، ایلسٹر کک، این بیل اور ایون مورگن بہترین بیٹنگ لائن اپ فراہم کریں گے جبکہ باؤلنگ کے شعبے میں بھی انگلستان کو دیگر کئی ٹیموں پر برتری حاصل ہے۔ جمی اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور اسٹیون فن کی برق رفتاری جہاں مہمان بلے بازوں کے لیے پریشانی کا باعث ہوگی وہیں گریم سوان اپنے تجربے کے بل بوتے پر حریفوں کے لیے مسائل کھڑے کر سکتے ہیں۔
بہرحال، انگلستان کے 15 رکنی دستے کے یہی اراکین چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز بھی کھیلیں گے۔
میزبان انگلستان گروپ 'اے' میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرے گا۔ اس کا پہلا میچ 8 جون کو آسٹریلیا کے خلاف برمنگھم میں ہوگا۔
انگلستان 2004ء میں بھی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کر چکا ہے اور فائنل تک رسائی بھی حاصل کی لیکن بدقسمتی سے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوا، جس نے دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
اعلان کردہ دستہ ان 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، این بیل، ایون مورگن، ٹم بریسنن، جانی بیئرسٹو، جو روٹ، جوس بٹلر، جوناتھن ٹراٹ، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹریڈویل، روی بوپارا، کرس ووکس اور گریم سوان۔