شاہد آفریدی اور اکمل برادران کی واپسی کا امکان

دورۂ جنوبی افریقہ میں پاکستان اولین دونوں ٹیسٹ مقابلے ہار کر ٹیسٹ سیریز میں تو شکست کھا ہی چکا ہے اس لیے اب محدود اوورز کی سیریز کا معاملہ بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے اور ذرائع کے مطابق سابق کپتان شاہد خان آفریدی ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔

پاکستان اگلے ماہ کے اوائل سے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے گا اور ممکنہ طور پر شاہد آفریدی دونوں طرز کے دستوں کے لیے منتخب ہوں گے۔
349 ایک روزہ مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے افغانستان کے خلاف پاکستان 'اے' کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جس کی بنیاد پر ان کی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہیں۔
ذرائع کے مطابق محدود اوورز کے لیے ٹیم میں کافی تبدیلیوں کا امکان ہے اور آفریدی کے علاوہ عمر اکمل، کامران اکمل، احمد شہزاد، وہاب ریاض، شعیب ملک، عمر امین اور ذوالفقار بابر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ جنید خان کے صحت یاب نہ ہونے کی صورت میں اعزاز چیمہ کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان محدود اوورز کی سیریز کا پہلا مرحلہ دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے ہوں گے جو یکم اور تین مارچ کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد ایک روزہ سیریز کا آغاز 10 مارچ سے بلوم فاؤنٹین میں ہوگا۔