آسٹریلیا کی پرائم منسٹرز الیون میں دو پاکستانی

پاکستانی نژاد عثمان خواجہ تو بارہا اپنے بلے کا جادو دکھا کر آسٹریلیا کے قومی سلیکٹرز کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن اب ایک اور پاکستانی کھلاڑی کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ آگے بڑھے اور سلیکٹرز کو متاثر کرے۔ جی ہاں، حال ہی میں آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والے فواد احمد۔

گو کہ اس وقت فواد کی عمر 33 سال ہے لیکن آسٹریلیا شین وارن کے بعد لیگ اسپن گیندبازی میں پیدا ہونے والے خلا کو پورا کرنے کے لیے ایسی کوششیں کر رہا ہے کہ وہ کسی لیگ اسپنر کو سامنے لائے اور غالباً فواد کو موقع دینے کا مقصد یہی ہوگا۔وہ 29 جنوری سے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ ٹور میچ میں پرائم منسٹرز الیون کی نمائندگی کریں گے۔ فواد نے دو روز قبل ہی ملبورن رینی گیڈز کی جانب سے اپنے بگ بیش کیریئر کا بھی آغاز کیا ہے۔
فواد احمد نے 2005ء سے 2009ء کے درمیان پاکستان میں 10 فرسٹ کلاس مقابلے کھیلے اور پاکستان کسٹمز اور ایبٹ آباد کی نمائندگی کی۔ اس عرصے میں انہوں نے 34.86 کے اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کیں اور پھر آسٹریلیا ہجرت کر گئے اور سیاسی پناہ کی درخواست دائر کر دی۔
ان کے علاوہ دستے میں عثمان خواجہ اور بھارتی نژاد تیز باؤلر گوریندر سندھو بھی شامل ہیں۔ پرائم منسٹر الیون کی قیادت رکی پونٹنگ کریں گے جبکہ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن ان کے نائب ہوں گے۔
آسٹریلیا کے قومی سلیکٹر جان انویریئرٹی نے کہا کہ ٹیم میں لیگ اسپن باؤلر فواد احمد بھی شامل ہیں، جو پاکستان ہی میں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے۔ فواد ٹی 20 بگ بیش لیگ میں ملبورن رینی گیڈز کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور ہم ان کی پیشرفت سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نژاد تیز باؤلر گوریندر سنگھ نے گزشتہ سال انڈر 19 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے لیے شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد سڈنی تھنڈر کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے اور یوں دو پاکستانی اور ایک بھارتی نژاد کھلاڑی کے ساتھ یہ باصلاحیت دستہ وہ ثقافتی تنوع فراہم کرتا ہے، جو اب ہمارے ملک کا خاصہ ہے۔
پرائم منسٹر الیون:
رکی پونٹنگ (کپتان)، بریڈ ہیڈن (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، آشٹن ٹرنر، ایلکس ڈولان، پیٹرز ہینڈزکمب، جونو ڈین، جیمز فاکنر، عثمان خواجہ، فواد احمد، کین رچرڈسن، گوریندر سندھو اور نک ونٹر (بارہویں کھلاڑی)۔