چیمپئنز ٹرافی 2013ء کا حتمی شیڈول جاری، پاکستان بھارت ایک ہی گروپ میں

ممکنہ طور پر تاریخ کا آخری چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ اگلے سال برطانیہ میں کھیلا جائے گا جس کے لیے آج انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے اور دونوں 15 جون کو برمنگھم میں ایک تاریخی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گے جو بلاشبہ بہترین ٹیموں کے درمیان زبردست معرکہ آرائی میں اپنی جداگانہ شناخت رکھے گا۔ انگلستان خصوصاً برمنگھم میں جہاں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن بہت بڑی تعداد میں مقیم ہیں ، کے لیے طویل عرصے کے بعد یہ پاک-بھارت مقابلہ دیکھنے کا نادر موقع ہوگا۔

قبل ازیں دنیا کی 8 بہترین ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کا آغاز 6 جون کو بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلے سے ہوگا جبکہ گروپ مرحلے کا اختتام 17 جون کو سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان اوول میں مقابلے سے ہوگا۔
منگل کے روز انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والی اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کے لیے 8 ٹیموں کو 4،4 کے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو کارڈف، برمنگھم اوراوول، لندن میں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔ پول اے میں آسٹریلیا، انگلستان، نیوزی لینڈاور سری لنکا جبکہ پول بی میں پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہوں گی۔ ہر گروپ میں سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی جو اوول اور کارڈف میں ہوں گے جبکہ فائنل اتوار 23 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی کا کہنا ہے کہ یہ شائقین کرکٹ کے لیے بہترین ایک روزہ کرکٹ دیکھنے کا ناقابل یقین موقع ہوگا ۔ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا رکھا گیا ہے کہ ہر میچ اپنی جگہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور کیونکہ اس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہیں اس لیے ہر ملک اس کو جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سال 2013ء کا سب سے اعلیٰ ٹورنامنٹ ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز نومبر کے اوائل میں ہوگا۔ ٹکٹ خریدنے کے لیے مزید تفصیلات آئی سی سی اور ای سی بی کی ویب سائٹس کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آخری مرتبہ 2009ء میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہوئی تھی، گو کہ اصل شیڈول کے مطابق اسے پاکستان میں منعقد ہونا تھا لیکن امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث اسے آخری لمحات میں جنوبی افریقہ منتقل کر دیا گیا۔ جہاں سیمی فائنل میں پاکستان کو زیر کرنے والے نیوزی لینڈ کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ یوں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے مسلسل دوسری مرتبہ ایک روزہ کرکٹ کا یہ دوسرا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2013ء حتمی شیڈول
تاریخ | بمقام | |||
---|---|---|---|---|
6 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کارڈف |
7 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
اوول |
8 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
ایجبسٹن، برمنگھم |
9 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کارڈف |
10 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
ایجبسٹن، برمنگھم |
11 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
اوول |
12 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
ایجبسٹن، برمنگھم |
13 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
اوول |
14 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کارڈف |
15 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
ایجبسٹن، برمنگھم |
16 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
کارڈف |
17 جون 2013ء | ![]() |
بمقابلہ | ![]() |
اوول |
19 جون 2013ء | پہلا سیمی فائنل | اوول | ||
20 جون 2013ء | دوسرا سیمی فائنل | کارڈف | ||
23 جون 2013ء | فائنل | ایجبسٹن، برمنگھم |