پسلی کی چوٹ، سہواگ ذاتی معالج سے رابطے کے لیے دہلی روانہ


بھارت کے جارح مزاج بلے باز وریندر سہواگ اپنے ذاتی معالج سے ملاقات کے لیے بنگلور سے دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔ سہواگ کو رواں ہفتے ایک تربیتی سیشن کے دوران پسلی پر چوٹ لگی تھی تاہم انہوں نے اتوار کو انگلستان کے خلاف میچ میں حصہ لیا تھا۔
بھارتی ٹیم کے مینیجر رنجیب بسوال کے مطابق سہواگ اپنے ذاتی معالج سے ملاقات کے لیے دہلی جا رہے ہیں اور بدھ تک ایک مرتبہ پھر ٹیم کو جوا ئن کریں گے۔ انہوں نے کہا گو کہ کوئی تشویشناک بات تو نہیں ہے لیکن وہ کوئی چانس نہیں لینا چاہتے ہیں۔
بسوال نے مزید بتایا کہ ان کے کندھے میں معمولی تکلیف ہے جس کی وجہ سے وہ باؤلنگ نہیں کر رہے۔
سہواگ کی عدم موجودگی میں بھارت کا پورا اسکواڈ انگلستان سے میچ کے بعد بدستور بنگلور میں موجود ہے جہاں ان کا اگلا میچ 6 مارچ کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔