[گیارہواں کھلاڑی] شیونرائن چندرپال کی سنچریاں، اعداد و شمار کے آئینے میں

ماضی کی عظیم ویسٹ انڈین ٹیم گو کہ اب صرف 'بلبلہ' بن چکی ہے اور عالمی درجہ بندی میں اسے کوئی خاص مقام حاصل نہیں ہے لیکن خاکستر میں چنگاریاں اب بھی موجود ہیں۔ جس طرح زوال کے ایام میں برائن لارا کے پائے کا بلے باز ٹیم میں موجود رہا وہیں تعمیر نو کے مراحل میں غرب الہند کی ٹیم کو شیونرائن چندرپال جیسے دھیمے مزاج کے حامل بلے باز کا ساتھ حاصل رہا ہے جنہوں نے گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے معرکے میں سنچری داغ کر ٹیم کو بالادست پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔

بلے بازی کے منفرد انداز کے باعث شہرت پانے والے شیونرائن نے 1994ء میں انگلستان کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ 18 سالہ کیریئر اور تقریباً 50 رنز کا اوسط ان کی عظمت کا غماز ہے۔ انہیں ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ یعنی 138 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔
برج ٹاؤن، بارباڈوس میں جاری آسٹریلیا-ویسٹ انڈیز پہلے ٹیسٹ میں شیونرائن نے 248 گیندوں پر 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔ اس سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے توقعات کے برخلاف پہلی اننگز میں 449 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کیا۔ یہ ان کے کیریئر کی 25 ویں تہرے ہندسے کی اننگز ہے، یوں وہ عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے ویسٹ انڈین بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز
نام | ملک | میچز | سنچریوں کی تعداد |
---|---|---|---|
برائن لارا | ![]() |
130 | 34 |
سر گارفیلڈ سوبرز | ![]() |
93 | 26 |
شیونرائن چندرپال | ![]() |
138* | 25 |
سر ویوین رچرڈز | ![]() |
121 | 24 |
کلائیو لائیڈ | ![]() |
110 | 19 |
گورڈن گرینج | ![]() |
108 | 19 |
ڈیسمنڈ ہینز | ![]() |
116 | 18 |
رچی رچرڈسن | ![]() |
86 | 16 |
یوں تو شیونرائن نے اولین ٹیسٹ میں 62 رنز کی اننگز کھیل کر روشن مستقبل کی نوید سنائی تھی لیکن اس کے باوجود انہیں ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری کے لیے تین سال کا انتظار کرنا پڑا اور بالآخر مارچ 1997ء میں برج ٹاؤن میں انہوں نے بھارت کے خلاف 137 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اس سفر کا آغاز کیا۔ اس مقابلے میں وہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے کے لیے آئے اور یوں یہ ان کے کیریئر کی واحد سنچری ہے جو ون ڈاؤن پوزیشن پر بنائی گئی۔ انہوں نے زیادہ تر پانچویں پوزیشن پر بلے بازی کی ہے اور اس پوزیشن پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں اُن کا نمبر دوسرا ہے:
پانچویں پوزیشن پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز
نام | ملک | میچز | رنز | اوسط |
---|---|---|---|---|
اسٹیو واہ | ![]() |
104 | 6754 | 56.28 |
شیونرائن چندرپال | ![]() |
73* | 4979 | 52.96 |
مائیکل کلارک | ![]() |
55 | 4485 | 60.60 |
محمد اظہر الدین | ![]() |
72 | 4346 | 48.83 |
اینڈی فلاور | ![]() |
55 | 3788 | 54.89 |
محمد یوسف | ![]() |
52 | 3774 | 53.15 |
تھیلان سماراویرا | ![]() |
54 | 3713 | 53.04 |
شیونرائن نے اسی یعنی پانچویں پوزیشن پر 14 سنچریاں بھی بنائی ہیں اور اس نمبر پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں وہ تیسرے نمبر پر ہیں :
پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز
نام | ملک | میچز | سنچریاں |
---|---|---|---|
اسٹیو واہ | ![]() |
104 | 24 |
محمد اظہر الدین | ![]() |
72 | 16 |
مائیکل کلارک | ![]() |
55 | 16 |
شیونرائن چندرپال | ![]() |
73* | 14 |
محمد یوسف | ![]() |
52 | 13 |
تھیلان سماراویرا | ![]() |
54 | 11 |
شیونرائن کی 25 میں سے 14 سنچری اننگز ناقابل شکست ہیں یعنی کوئی حریف بلے باز انہیں آؤٹ نہیں کر پایا اور وہ میدان سے ناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس طرز کی فہرست میں چندرپال کا شمار تیسرا ہے:
سب سے زیادہ ناقابل شکست سنچریاں بنانے والے بلے باز
نام | ملک | ناقابل شکست سنچریوں کی تعداد |
---|---|---|
سچن تنڈولکر | ![]() |
16 |
اسٹیو واہ | ![]() |
15 |
شیونرائن چندرپال | ![]() |
14 |
ژاک کیلس | ![]() |
14 |
ایلن بارڈر | ![]() |
11 |
سر گیری سوبرز | ![]() |
9 |
راہول ڈریوڈ | ![]() |
8 |
جاوید میانداد | ![]() |
8 |
وی وی ایس لکشمن | ![]() |
8 |
گزشتہ تقریباً ڈیڑھ دہائی آسٹریلیا کے عروج کے داستان سناتی رہی ہے اوریہی وہ ایام ہیں جن میں چندرپال دنیا بھر کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آئے۔ انہوں نے 'ناقابل شکست' سمجھے جانے والے آسٹریلیا کے خلاف بھی پانچ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ یہ تمام سنچریاں انہوں نے اپنی سرزمین پر ہی بنائی ہیں۔
شیو کی سنچریوں کی حوالے سے دلچسپ بات یہ ہے کہ برج ٹاؤن، بارباڈوس میں انہوں نے اب تک چار سنچریاں اسکور کی ہیں اور سب ہی ناقابل شکست اننگز تھیں۔ اسی میدان میں انہوں نے 1997ء میں اپنی پہلی سنچری بنائی تھی اور اب 25 ویں سنچری کا اعزاز بھی اسی میدان کو حاصل ہوا ہے۔
برج ٹاؤن، بارباڈوس میں شیونرائن چندرپال کی سنچریوں کی تفصیلات
رنز | گیندیں | حیثیت | بالمقابل | میدان | سال |
---|---|---|---|---|---|
137* | 284 | ناٹ آؤٹ | ![]() |
برج ٹاؤن | 1997ء |
101* | 231 | ناٹ آؤٹ | ![]() |
برج ٹاؤن | 2002ء |
153* | 254 | ناٹ آؤٹ | ![]() |
برج ٹاؤن | 2005ء |
103* | 248 | ناٹ آؤٹ | ![]() |
برج ٹاؤن | 2012ء |
شیونرائن چندرپال ایک غیر روایتی اور ذہین بلے باز ہیں اور ان کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ ابھی اُن میں کافی ٹیسٹ کرکٹ باقی ہے۔ گو کہ اس وقت ان کی عمر 38 کے لگ بھگ ہے لیکن آسٹریلیا کے خلاف 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز اِس بات کو تقویت دیتی ہے کہ وہ ابھی مزید دو سال تک اچھی کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور ویسٹ انڈیز کی فتوحات میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے انفرادی ریکارڈز کو بھی مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔