سری لنکا پریشان، میتھیوز ایشیا کپ سے باہر

ایشیا کپ کی مہم کا آغاز بھارت کے ہاتھوں کراری شکست سے کرنے والا سری لنکا ایک گمبھیر مسئلے سے دوچار ہو گیا ہے کیونکہ اس کے مرکزی کھلاڑی آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز پنڈلی کی تکلیف کے باعث پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔

میتھیوز نے اسی تکلیف کے باعث آسٹریلیا میں کھیلی گئی سہ فریقی کامن ویلتھ بینک سیریز کے فائنل مقابلے بھی نہیں کھیلے تھے لیکن ان کی صحت یابی کا امکان تھا اس لیے انہیں ایشیا کپ کے لیے دستے میں شامل کیا گیا لیکن کپتان مہیلا جے وردھنے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں وہ ناکام ہوئے ہیں اس لیے انہیں وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔ جہاں میتھیوز انگلستان کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے خود کو فٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکا کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے میتھیوز کی جگہ نوجوان آل راؤنڈر شامنڈا ایرنگا کو ڈھاکہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
البتہ پاکستان کے خلاف اہم ترین معرکے کے لیے مرکزی گیند باز لاستھ مالنگا کی واپسی کا امکان ہے۔ مالنگا کے بارے میں جے وردھنے کا کہنا ہے کہ انہوں نے سی بی سیریز کے آخری دونوں فائنل معمولی تکلیف کے ساتھ کھیے تھے اس لیے انہیں بھارت کے خلاف ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نہیں کھلایا گیا۔ پریکٹس سیشن میں گیند بازی کا مظاہرہ کرنے کے بعد وہ پاکستان کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔