نو مور مورگن؛ انگلستان کی پریشانیوں میں اضافہ

انگلستانی ٹیم کے اہم ترین مستند بلے باز این مارگن زخمی ہو جانے کے باعث عالمی کپ میں انگلستان کی نمائندگی سے محروم ہو گئے ہیں۔ نوجوان کھلاڑی روی سنگھ بوپارا کو ایون مورگن کے جگہ انگلستانی دستے میں شامل کر لیا گیا ہے۔
عالمی کپ سے محض چند ہفتے قبل این مورگن کا زخمی ہونا فی الحقیقت انگلستانی ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ مورگن آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کے چوتھے میچ میں اپنی انگلی تڑوا بیٹھے تھے لیکن انگلی میں درد کو معمولی خیال کر کے انہوں نے دو مزید میچ کھیل لیے جس کے باعث ان کی انجری شدت اختیار کر گئی۔ طبی معائنہ سے پتہ چلا کے مورگن کی انگلی کو شدید چوٹ آئی ہے اور ان کی بے احتیاطی کے باعث اس انجری کا واحد حل سرجری ہے۔
این مورگن کی عالمی کپ میں عدم دستیابی پر انگلستانی کرکٹ ٹیم کوچ اینڈی فلاور اور کپتان اینڈریو اسٹراس نے افسوس کا اظہار کیا۔ اینڈریو اسٹراس کا کہنا ہے کہ این مورگن نے گزشتہ ایک، ڈیڑھ سال میں ٹیم کے لیے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی کپ میں این مورگن کی عدم موجودگی ہمارے لیے بہت دکھ کی بات ہے۔
مورگن حالیہ سیزن کے دوران زخمی ہونے والے انگلستان کے چھٹے کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل ٹم بریسنن، گریم سوان، پال کالنگوڈ، اجمل شہزاد اور اسٹیورٹ براڈ وہ اہم انگلستانی کھلاڑی ہیں جو اب بھی مختلف انجریز کا شکار ہیں۔ این مورگن کے علاوہ عالمی کپ 2011ء میں دیگر تمام کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے مثبت اشارے مل رہے ہیں تاہم یہ کہنا ابھی مشکل ہے کہ زخمی کھلاڑی جلد صحتیاب ہو کر اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
یکے بعد دیگرے اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہو جانے کے باعث انگلستان کو 7 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6-1 سے شکست کا منہ دیکھا نصیب ہوا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 15 رکنی اسکواڈ میں سے کئی کھلاڑیوں کی فٹنس مسائل پر لگے سوالیہ نشان سے انگلستان کس طرح نمٹتا ہے۔ آسٹریلیا کے ایک طویل اور تھکا دینے والے دورہ کے بعد انگلستانی ٹیم آئندہ چند دنوں میں بنگلہ دیش روانہ ہونے والی ہے۔ جہاں وہ عالمی کپ سے قبل کینیڈا اور پاکستان کے خلاف ایک، ایک وارم اپ میچ کھیلے گی۔