بھارت- ویسٹ انڈیز ایک روزہ سیریز: بھارتی دستے کا اعلان، قیادت سہواگ کے سپرد

بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ مقابلوں کے مرحلے کے لیے دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ تجربہ کار اوپنر وریندر سہواگ دستے کی قیادت کریں گے۔ یہ دسمبر 2009ء کے بعد پہلا موقع ہوگا کہ سہواگ کو کسی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں ملک کی قیادت کرنے کا شرف حاصل ہوگا۔

مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ سچن ٹنڈولکر کو بھی ابتدائی تین ایک روزہ مقابلوں میں آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ یووراج سنگھ نے اپنی ناسازئ طبیعت کے باعث بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ عالمی کپ 2011ء میں شاندار کارکردگی کے بعد سے کسی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے میں ملک کی نمائندگی نہیں کر پائے۔ آف اسپنر ہربھجن سنگھ ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بھی نظر انداز کر دیے گئے ہیں۔ انہیں انگلستان کے خلاف ایک روزہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی شامل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
باقی دستہ توقعات کے مطابق ہی ہے جس میں پروین کمار اور ونے کمار واپس آئے ہیں اور یوں تیز گیند بازی کا شعبہ چار کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا جن میں نوجوان ورون آرون اور امیش یادیو مذکورہ بالا دونوں باؤلرز کا ساتھ دیں گے۔
ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی کے باوجود پراگیان اوجھا کو ایک روزہ میں نظر انداز کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ اسپن گیند بازی کا شعبہ روی چندر آشون، رویندر جدیجا اور راہول شرما کے ہاتھوں میں ہوگا۔ دوسری جانب دورۂ انگلستان میں زخمی ہونے والے روہیت شرما بھی ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
بھارت ویسٹ انڈیز ایک روزہ سیریز کا آغاز 29 نومبر سے کٹک کے باربتی اسٹیڈیم میں پہلے مقابلے سے ہوگا۔
اولین تین مقابلوں کے لیے بھارتی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا (نام بلحاظ حروف تہجی):
وریندر سہواگ (کپتان)، اجنکیا راہانے، امیش یادیو، پارتھیو پٹیل، پروین کمار، راہول شرما، روہیت شرما، روی چندر آشون، رویندر جدیجا، سریش رائنا، گوتم گمبھیر، منوج تیواری، ورون آرون، ونے کمار اور ویرات کوہلی۔