انجرڈ پروین کو رخصتی کا پروانہ؛ سری سانتھ بھارتی دستے میں شامل

عالمی کپ 2011ء کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی بھارتی دستے میں شامل تیز گیند باز پروین کمار زخمی ہونے کے باعث باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ جارح مزاج فاسٹ بالر سری سانتھ لیں گے۔
پروین کمار دورہ جنوبی افریقہ میں کوہنی پر چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی سیریز کے دوران ہی واپس بھارت روانہ کردیا گیا تھا جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے انگلستان بھیج دیا گیا۔ تاہم حیرت انگیز طور پر چند ہی روز بعد بھارتی دستے کا اعلان کیا گیا تو اس میں ان فارم گیند باز سری سانتھ کو نظر انداز کر کے زخمی گیند باز پروین کمار کو شامل کر لیا گیا۔ پروین کے انتخاب پر نہ صرف بھارتی مبصرین نے حیرت کا اظہار کیا بلکہ سری سانتھ نے بھی دستے میں عدم شمولیت پر اپنی دل شکستگی کا اظہار کیا۔
سری سانتھ 51 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 75 کھلاڑی شکار کیے۔ اکانومی ریٹ 6.01 کے اعتبار سے سری سانتھ کافی مہنگے گیند باز ثابت ہوئے جس کی بڑی وجہ ان کا ضرورت سے زیادہ جذباتی ہو کر درست لائن و لینتھ کھو بیٹھنا ہے۔ سری سانتھ گیند کو تیز رفتار سے پھینکنے کے ساتھ سوئنگ کرانے میں بھی مہارت رکھتے ہیں جس کا مظاہرہ انہوں نے گزشتہ دورہ جنوبی جنوبی افریقہ میں ڈربن ٹیسٹ کے دوران جیک کیلس کو ایک خطرناک گیند پر آؤٹ کر کے کیا۔
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق پروین کمار کی جگہ سری سانتھ کی شمولیت کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے منظوری مل گئی ہے۔
عالمی کپ کے لیے ترمیم شدہ بھارتی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، یووراج سنگھ، سریش رائنا، ویرات کوہلی، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ، سری سانتھ، ظہیر خان، اشیش نہرا، مناف پٹیل، پیوش چاؤلہ اور روی چندر آشون۔