کرک انفو ایوارڈز: عمر گل بہترین ون ڈے باؤلر قرار

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے چوتھے سالانہ ایوارڈز میں پاکستان کے عمر گل نے سال کی بہترین ایک روزہ باؤلنگ کارکردگی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ان کے علاوہ وی وی ایس لکشمن اور ڈیل اسٹین کو بہترین ٹیسٹ کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔ ایک روزہ فارمیٹ میں بہترین بیٹنگ کے اعزاز کے لیے سچن ٹنڈولکر نے عبد الرزاق کی جنوبی افریقہ کے خلاف یادگار سنچری اننگ کو مات دے دی۔ ٹی ٹوئنٹی کے بیٹنگ اور باؤلنگ کے اعزازات مائیکل ہسی اور ٹم ساؤتھی کے نام رہے۔
کرک انفو کا ایوارڈ تینوں طرز کی کرکٹ میں سال کی بہترین بیٹنگ اور باؤلنگ کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ٹیسٹ طرز میں ڈربن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 96 رنز کی یادگار اننگ کھیلنے پر وی وی ایس لکشمن کو سال کی بہترین اننگ کا اعزاز دیا گیا جبکہ ناگپور ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف 51 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کرنے پر ڈیل اسٹین کو باؤلنگ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی طرز میں 9 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹم ساؤتھی کو بہترین باؤلنگ کارکردگی کا اعزاز دیا گیا۔ اس یادگار باؤلنگ اسپیل میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی جو اس طرز کی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے کسی بھی باؤلر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میں بیٹنگ کا اعزاز بلاشبہ مائیکل ہسی کو عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں کھیلی جانے والی یادگار اننگ کو ہی ملنا تھا جس میں انہوں نے میچ کی آخری چار گیندوں پر 22 رنز بنا کر پاکستان کو عالمی اعزاز کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ ہسی نے اس اعزاز کے لیے برینڈن میک کولم کی سنچری اننگ کو مات دی۔
ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈز کے لیے مقررہ جیوری میں پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا، سابق جنوبی افریقی قائد کیپلر ویسلز، این چیپل، ٹونی گریگ، جیف بائیکاٹ، سنجے منجریکر اور مارٹن کرو کے علاوہ کرک انفو کے سینئر مدیران عثمان سمیع الدین، پیٹر انگلش، اینڈریو ملر، شردا اوگرا اور سمبت پال شامل تھے۔