ندا ڈار: سنچری اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی

خواتین کرکٹ ٹیم کی نوجوان آل راؤنڈر ندا ڈار ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں ہیں۔ انہوں نے 183 منٹ تک کریز پر ڈٹ کر بلے بازی کی اور 139 گیندوں پر 124 رنز کی اننگ سجائی۔ اس دوران ندا ڈار نے 1 چھکا اور 8 دلکش چوکے بھی حریف گیند بازوں کو رسید کیے۔

24 سالہ ندا ڈار نے یہ اعزاز بنگلہ دیش میں جاری عالمی کپ کوالی فائنگ مرحلے میں جاپان کے خلاف ایک میچ میں حاصل کیا۔ ندا کی اس شاندار اننگ کی بدولت پاکستان حریف ٹیم کے سامنے 273 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف رکھنے میں کامیاب ہوا۔ جواب میں جاپان کی پوری ٹیم صرف 26 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سعدیہ یوسف نے بہترین گیند بازی کی اور 7 اوورز میں 2 رنز کے عوض 6 جاپانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یوں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے جاپان کو 246 کے واضح فرق سے مات دے کر عالمی کپ کوالی فائنگ مرحلے کے سیمی فائنل کے ساتھ ساتھ عالمی کپ میں بھی جگہ بنالی ہے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والی ندا ڈار مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے کے ساتھ اسپن بالنگ میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔ اکتوبر 2010ء میں اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کرنے کے بعد انہوں نے 15 مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 18 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔