آفریدی کی شاندار واپسی، پاکستان 8 وکٹوں سے فتحیاب

سری لنکا کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد ایک روزہ مقابلوں میں بھی جاری ہے اور جہاں پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میں پاکستان نے اسے با آسانی 8 وکٹوں سے زیر کر لیا اور پانچ مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ریٹائرمنٹ اور مختلف تنازعات میں گھرنے کے بعد سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی میچ میں شاندار انداز میں واپسی ہوئی جنہوں نے تین اہم وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا جبکہ عمران فرحت اور یونس خان کی نصف سنچریوں نے پاکستان کو منزل تک پہنچایا۔

سری لنکا کے لیے یہ ایک روزہ سیریز بہت مشکل رہے گی، اس کی ایک وجہ تو عالمی درجہ بندی میں ان کی نازک پوزیشن ہے جس میں وہ اس وقت دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور اس کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں پاکستان کو 4-1 سے زیر کرنا ہوگا یعنی کہ پہلے ایک روزہ کے خاتمے کے بعد اب انہیں پاکستان کے اگلے چاروں مقابلوں میں شکست دینا ہوگی بصورت دیگر اسے درجہ بندی میں نیچے آنا ہوگا۔
دبئی کے خوبصورت اسٹیڈیم میں مقامی تعطیل کے دن یعنی جمعے کو کھیلے گئے میچ میں گو کہ ٹاس سری لنکا نے جیتا اورپہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ابتدا ہی سے حالات اس کے حق میں نہیں گئے اور پاکستانی گیند باز میچ پر چھا گئے۔ پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے جنید خان کو آرام کا موقع دے کر اعزاز چیمہ کو میچ کھلانے کا فیصلہ کیا جبکہ شاہد آفریدی، عبد الرزاق اور وکٹ کیپر سرفراز احمد طویل عرصے بعد ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی اعزاز چیمہ نے دلائی جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں حریف کپتان تلکارتنے دلشان کو محض 4 رنز پر میدان بدر کیا۔ رنز بنانے کی رفتار دھیمی پڑ گئی اور بالآخر گیارہویں اوور میں عبد الرزاق نے آتے ہی اہم ترین وکٹ دلائی جب انہوں نے کمار سنگاکارا (5 رنز) کو وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد سے کیچ آؤٹ کروایا۔ اوپنر اوپل تھارنگا اور نوجوان دنیش چندیمال نے کچھ مزاحمت کی لیکن محمد حفیظ کے ہاتھوں تھارنگا (25 رنز) کے آؤٹ ہونے کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایک چھکا کھانے کے بعد اگلی گیند پر چندیمال کو وکٹوں کے سامنے جا لیا۔ انہوں نے 31 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے۔77 پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد پاکستان کے اسپنرز میچ پر حاوی ہو گئے۔ انہوں نے آنے والے کسی بلے باز کو سکون سے نہیں کھیلنے دیا۔ مہیلا جے وردھنے نے 57 گیندوں پر 24 رنز کی سست رفتار اننگز کھیلی لیکن بالآخر انہیں بھی ہتھیار ڈالنے پڑے اور پوری ٹیم 40.3 اوورز میں 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کی ناقص بلے بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پوری اننگز میں ان کے بلے بازوں نے محض 5 چوکے لگائے۔ گو کہ پچ کسی حد تک گیند بازوں کے لیے مددگار تھی لیکن اتنی نہیں تھی کہ لنکا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ اس کے سامنے یوں ہتھیار پھینک دیتی۔
پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ اور سعید اجمل کو 2،2 اور اعزاز چیمہ اور عبد الرزاق کو 1،1 وکٹ ملی۔
پاکستان کو ایک نسبتا مددگار پچ پر گو کہ لاستھ مالنگا سے خطرہ تھا لیکن دوسرے ہی اوور میں محمد حفیظ (5 رنز) کی وکٹ کھونے کے باوجود پاکستان نے آسان ہدف کی جانب سفر اعتماد کے ساتھ جاری رکھا۔ عمران فرحت اور یونس خان نے دوسری وکٹ پر 103 رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی۔ عمران فرحت 65 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان 57 گیندوں پر اتنے ہی چوکوں کے ساتھ 56 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور پاکستان نے ہدف 22 ویں اوور کی پانچویں گیند پر محض دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور 8 وکٹوں سے فتحیاب ٹھیرا۔
پاکستان کی گرنے والی دونوں وکٹیں سورنگا لکمل کو ملیں اور دیگر تمام لنکن باؤلرز نامراد لوٹے۔
اب دونوں ٹیمیں 14 نومبر کو اسی میدان میں ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان بمقابلہ سری لنکا: پہلا ایک روزہ بین الاقوامی مقابلہ
بتاریخ: 11 نومبر 2011ء
بمقام: دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی، متحدہ عرب امارات
نتیجہ: پاکستان 8 وکٹوں سے فتحیاب
میچ کے بہترین کھلاڑی: شاہد آفریدی (پاکستان)
![]() |
رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | |
---|---|---|---|---|---|
اوپل تھارنگا | ک اعزاز چیمہ ب حفیظ | 25 | 56 | 2 | 0 |
تلکارتنے دلشان | ب اعزاز چیمہ | 4 | 8 | 1 | 0 |
کمار سنگاکارا | ک سرفراز ب عبد الرزاق | 5 | 24 | 1 | 0 |
دنیش چندیمال | ایل بی ڈبلیو ب شاہد آفریدی | 28 | 31 | 1 | 2 |
مہیلا جے وردھنے | ک عبد الرزاق ب سعید اجمل | 24 | 57 | 0 | 0 |
اینجلو میتھیوز | رن آؤٹ | 10 | 31 | 0 | 0 |
کوسالا کولاسیکرا | ک عمر گل ب حفیظ | 0 | 6 | 0 | 0 |
سیکوگے پرسنا | اسٹمپ سرفراز ب شاہد آفریدی | 5 | 14 | 0 | 0 |
لاستھ مالنگا | ب شاہد آفریدی | 11 | 14 | 0 | 1 |
سورنگا لکمل | اسٹمپ سرفراز ب شاہد آفریدی | 0 | 2 | 0 | 0 |
دلہارا فرنانڈو | ناٹ آؤٹ | 0 | 1 | 0 | 0 |
فاضل رنز | ل ب 5، و 13، ن ب 1 | 19 | |||
مجموعہ | 40.3 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر | 131 |
پاکستان (گیند بازی) | اوورز | میڈن | رنز | وکٹ |
---|---|---|---|---|
عمر گل | 5 | 2 | 11 | 0 |
اعزاز چیمہ | 5 | 1 | 18 | 1 |
عبد الرزاق | 5 | 0 | 25 | 1 |
محمد حفیظ | 10 | 0 | 24 | 2 |
شاہد آفریدی | 9.3 | 0 | 27 | 3 |
سعید اجمل | 6 | 0 | 21 | 2 |
![]() |
رنز | گیندیں | چوکے | چھکے | |
---|---|---|---|---|---|
محمد حفیظ | ک کولاسیکرا ب لکمل | 5 | 6 | 1 | 0 |
عمران فرحت | ایل بی ڈبلیو ب لکمل | 50 | 65 | 7 | 0 |
یونس خان | ناٹ آؤٹ | 56 | 57 | 7 | 0 |
سرفراز احمد | ناٹ آؤٹ | 4 | 7 | 0 | 0 |
فاضل رنز | ل ب 6، و 7، ن ب 4 | 17 | |||
مجموعہ | 21.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر | 132 |
سری لنکا (گیند بازی) | اوور | میڈن | رنز | وکٹ |
---|---|---|---|---|
لاستھ مالنگا | 5 | 0 | 35 | 0 |
سورنگا لکمل | 4 | 0 | 16 | 2 |
دلہارا فرنانڈو | 5.5 | 0 | 35 | 0 |
سیکوگے پرسنا | 4 | 0 | 23 | 0 |
کوسالا کولاسیکرا | 3 | 0 | 17 | 0 |