جیسی رائیڈر بھی زخمی، زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے

نیوزی لینڈ کے بلے باز جیسی رائیڈر پنڈلی کی تکلیف کی وجہ سے زمبابوے کے خلاف واحد ٹیسٹ میں بلیک کیپس کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یکم نومبر سے بلاوایو میں سیریز کا واحد ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔ رائیڈر زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ ہیں ان سے پہلے کائل ملز بھی زخمی ہو کر باہر ہو چکے ہیں۔ اس طرح زمبابوے میں موجود نیوزی لینڈ کا دستہ محض 13 کھلاڑیوں تک محدود رہ گیا ہے اور انتظامیہ نے ان کھلاڑیوں کے متبادل بھی طلب نہیں کیے۔

رائیڈر بلاوایو میں زمبابوے 'اے' کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران باؤلنگ کرتے ہوئے دائیں پنڈلی میں تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور بعد ازاں اسکین سے ثابت ہوا کہ ان کی پنڈلی کے پٹھوں میں کھنچاؤ ہے۔ بعد ازاں ٹیم مینیجر مائیک سینڈل نے اعلان کیا کہ جیسی رائیڈر ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے اور وہ علاج اور صحت یاب ہونے کے لیے وطن واپس جا رہے ہیں۔
اب واحد ٹیسٹ کے لیے نیوزی لینڈ کے مندرجہ ذیل کھلاڑی ہیں زمبابوے میں بچے ہیں جن میں سے حتمی 11 رکنی دستے کا انتخاب کیا جائے گا:
روز ٹیلر (کپتان)، اینڈی میک کے، برینڈن میک کولم، بی جے واٹلنگ، جیتن پٹیل، ڈوگ بریسویل، ڈین براؤنلی، ڈینیل ویٹوری، ریس ینگ، کرس مارٹن، کین ولیم سن، گریم آلڈرج اور مارٹن گپٹل۔